دہلی: کورونا سے جنگ ہارے ڈاکٹر جاوید علی، غمزدہ اہل خانہ نے کیا معاوضہ کا مطالبہ
ڈاکٹر حنا کوثر نے کہا کہ مجھے اپنے شوہر پر فخر ہے، انہوں نے آخری سانس تک اپنے فرض کو انجام دیا۔ وہ ایک جنگجو تھے۔ انہوں نے مارچ کے بعد سے ایک بھی چھٹی نہیں لی، یہاں تک کہ عید کے دن بھی کام کیا۔
نئی دہلی: راجدھانی دہلی کے ایک اور ڈاکٹر کورونا وائرس کے خلاف جنگ ہار گئے۔ دہلی حکومت کے قومی صحت مشن (این ایچ ایم) کے لئے کام کرنے والے 42 سالہ کنٹریکٹ ڈاکٹر جاوید علی کی پیر کے روز کورونا وائرس سے موت ہو گئی۔ ڈاکٹر جاوید مارچ سے کووڈ-19 کی ڈیوٹی پر تھے۔ ان کے وائرس سے متاثرہ ہونے کی تصدیق 24 جون کو ہوئی تھی اور تین ہفتے کے لئے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
ڈاکٹر جاوید نے پیر کی صبح ایمس ٹراما میں آخری سانس لی۔ وہ اپنے پیچھے بیوی اور دو بچے چھوڑ گئے ہیں۔ ان کی موت پر اہل خانہ نے معاضہ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کنٹریکٹ ملازمین کو دن رات کام کرنے کے باوجود کوئی امداد نہیں دی جاتی۔ خاندان نے الزام عائد کیا کہ اسپتال میں ابتدائی طور پر علاج و معالجہ کا خرچ بھی اہل خانہ کو برداشت کرنا پڑا۔ این ایچ ایم ڈاکٹرس ویلفیئر ایسو سی ایشن نے دہلی کے وزیر صحت سنیندر جین کو بھی اس بارے میں خط ارسال کیا ہے۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر جاوید علی (42) نے ساؤتھ دہلی کے چھترپور میں ایک کوارنٹائن سینٹر میں خدمات انجام دی تھیں، بعد میں انہوں نے رادھا سوامی کووڈ کیئر سینٹر اور پشپ وہار میں واقع سیرو سرولانس سینٹر میں بھی خدمات انجام دیں۔ گزشتہ 10 دنوں سے وہ وینٹی لیٹر پر تھے۔ ڈاکٹر جاوید کی بیوی حنا کوثر ہریانہ کے ایک نجی اسپتال میں گائیکونولاجسٹ کے طور پر کام کرتی ہیں۔ ان کے بیٹے کی عمر 6 سال جبکہ بیٹی کی عمر 12 سال ہے۔
ڈاکٹر حنا کوثر نے کہا، ’’مجھے اپنے شوہر پر فخر ہے۔ انہوں نے آخری سانس تک اپنے فرض کو انجام دیا۔ وہ واقعی میں ایک جنگجو تھے۔ انہوں نے مارچ کے بعد سے ایک بھی چھٹی نہیں لی، یہاں تک کہ عید کے دن بھی کام کیا۔ وہ نجی اسپتال میں تھے اور علاج کے لئے پالیسی حاصل نہیں تھی، ایسے حالات میں ہمارے تقریباً 6 لاکھ روپے خرچ ہو گئے۔‘‘
ڈاکٹر حنا نے اپنے بچوں کے مستقبل کے حوالہ سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’’میں تنہا اپنے بچوں کی گزر بسر کیسے کروں گی۔ حکومت سے میری مودبانہ درخواست ہے کہ وہ معاوضۃ فراہم کریں اور شوہر کی نوکری اب مجھے دی جائے۔‘‘ این ایچ ایم ویلفیئر ایسو سی ایشن نے دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین کو این ایچ ایم ارکان کو میڈیکل فوائد دینے کے لئے خط لکھا ہے، اس میں ڈاکٹر، پیرامیڈکل اور ڈیٹا انٹری افسران شامل ہیں۔ موجودہ وقت میں 240 ڈاکٹروں سمیت این ایچ ایم کے 2 ہزار سے زائد ارکان ہیں جو دہلی میں کووڈ 19 ڈیوٹی پر ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔