دہلی: ڈی ایم آر سی نے میٹرو اسٹیشن ’ہڈا سٹی سنٹر‘ کا نام بدلنے کا کیا فیصلہ، نیا نام ہوگا ’ملینیم سٹی سنٹر‘
افسران کا کہنا ہے کہ مسافروں کی سہولت کو دھیان میں رکھتے ہوئے ڈی ایم آر سی لگاتار کوششیں کر رہا ہے۔ حال ہی میں ڈی ایم آر سی نے مسافروں کو میٹرو میں شراب کی سیل بند بوتلیں لے جانے کی اجازت دی۔
دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) نے یلو لائن پر موجود ہڈا سٹی سنٹر میٹرو اسٹیشن کا نام بدلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب یہ میٹرو اسٹیشن ’ملینیم سٹی سنٹر‘ کے نام سے جانا جائے گا۔ ڈی ایم آر سی نے اس سلسلے میں ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں بتایا ہے کہ ہڈا سٹی سنٹر میٹرو اسٹیشن کا نام بدل کر ملینیم سٹی سنٹر کیا جائے گا اور ساتھ ہی پرانے نام سے متعلق دستاویزوں میں بھی اصلاح کیا جائے گا۔ ہندی نیوز پورٹل ’ٹی وی 9 ہندی ڈاٹ کام‘ پر شائع ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس میٹرو اسٹیشن کو لے کر آگے کوئی بھی اعلان ہوگا تو اس میں ملینیم سٹی سنٹر میٹرو اسٹیشن کا ہی ذکر کیا جائے گا۔
افسران کا کہنا ہے کہ مسافروں کی سہولت کو دھیان میں رکھتے ہوئے ڈی ایم آر سی لگاتار کوششیں کر رہا ہے۔ حال ہی میں ڈی ایم آر سی نے مسافروں کو میٹرو میں شراب کی سیل بند بوتلیں لے جانے کی اجازت دے دی ہے۔ حالانکہ اس کو لے کر ڈی ایم آر سی نے کہا ہے کہ مسافر میٹرو میں شراب کی بوتلیں تبھی لے جا سکیں گے جب وہ سیل بند ہوں۔ ساتھ ہی ڈی ایم آر سی نے یہ بھی کہا ہے کہ مسافر صرف شراب کی دو بوتلیں ہی اپنے ساتھ لے جا سکین گے۔ اس سے زیادہ کی اجازت نہیں ہوگی۔
اس سے قبل ڈی ایم آر سی نے مسافروں کے لیے سفر کو لے کر ’کیو آر کوڈ‘ والے ٹکٹ کی شروعات کی ہے۔ اس سہولت کے تحت مسافر ٹکٹ پر لگے کیو آر کوڈ کو اسکین کر کے آسانی سے اسٹیشن کے اندر داخل ہو جاتے ہیں۔ پھر مسافر جیسے ہی اپنی منزل والے اسٹیشن پر پہنچ جاتا ہے تو دوبارہ اسی کیو آر کوڈ کو اسکین کر کے میٹرو اسٹیشن سے واپس نکل جاتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔