دہلی: مخدوش حالت میں چل رہے ’راجن بابو اسپتال‘ کو بند کرنے کا فیصلہ، تحقیقات کا حکم
وزیر برائے شہری ترقیات ستیندر جین نے کہا کہ اسپتال کی خستہ حالی کی جو تصویریں آئی ہیں وہ کافی پریشان کن ہیں، ایسی حالت میں مریضوں کا علاج کرنا مریضوں کے ساتھ ساتھ ڈاکٹروں کے لیے بھی خطرناک ہے۔
نئی دہلی: شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن (این ڈی ایم سی) کے راجن بابو اسپتال کی خستہ حالی کا نوٹس لیتے ہوئے دہلی کے شہری ترقیات کے وزیر ستیندر جین نے ہفتے کو عمارت کو فوری طور پر بند کرنے اور اس کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
ستیندر جین نے کہا کہ اسپتال کی خستہ حالی کی جو تصویریں آئی ہیں وہ کافی پریشان کن ہیں۔ ایسی حالت میں وہاں مریضوں کا علاج کرنا نہ صرف مریضوں بلکہ وہاں موجود ڈاکٹروں اور دیگر عملے کے لیے بھی مہلک ثابت ہو سکتا ہے۔ اس اسپتال کی عمارت کو خود بی جے پی کی حکومت والی نارتھ ایم سی ڈی نے خطرناک قرار دیا ہے۔ اس کے باوجود یہاں مریضوں کا علاج جاری ہے۔ یہ کارپوریشن کی غفلت کی انتہا ہے۔ اسپتال میں طبی اور پیرا میڈیکل سروسز کو فی الحال بند کرنے کے احکامات دیئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ راجن بابو اسپتال کی خستہ حالی کے باوجود اس میں مریضوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔ عمارت کی حالت ایسی ہے کہ وہ کسی بھی وقت گر سکتی ہے۔ ایسے میں وہاں علاج کروانا تو دور کی بات، کھڑا ہونا بھی خطرے سے خالی نہیں۔ وہاں مریضوں کا علاج نہ صرف مریضوں بلکہ وہاں موجود ڈاکٹروں اور دیگر عملے کے لیے بھی مہلک ثابت ہو سکتا ہے۔
شہری ترقیات کے وزیر ستیندر جین نے ہفتے کو اسپتال کی عمارت کو فوری طور پر سیل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ اس کے ساتھ ہی ایڈیشنل چیف سکریٹری (شہری ترقیات) کو بھی اس کی تحقیقات کرنے اور دہلی حکومت کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔