دہلی: آلودگی میں کمی ہوتے ہی بی جے پی-عآپ میں شروع ہوئی کریڈٹ لینے کی جنگ
سالوں سے خطرناک آلودگی میں پھنسی دہلی کو ابھی کچھ راحت ملی ہی تھی کہ اس کا کریڈٹ لینے کے لیے بی جے پی اور عآپ میں جنگ شروع ہو گئی۔ ایک طرف کیجریوال اپنی پیٹھ تھپتھپا رہے ہیں تو دوسری طرف بی جے پی۔
گزشتہ کئی سالوں سے خطرناک ہوتی آلودگی سے بے حال دہلی-این سی آر کی آلودگی میں آئی کمی سے ابھی تھوڑی راحت ملی ہی تھی کہ اب اس کا کریڈٹ لینے کے لیے بی جے پی اور عام آدمی پارٹی میں جنگ شروع ہو گئی ہے۔ جہاں دہلی میں عآپ حکومت کے مکھیا تمام اخباروں میں پورے صفحات کا اشتہار دے کر بتا رہے ہیں کہ ان کی حکومت میں دہلی کی آلودگی میں 25 فیصد کی کمی آئی ہے، جو ایک بڑی حصولیابی ہے، وہیں اس کے جواب میں آناً فاناً مرکز کی بی جے پی حکومت کے وزیر نے بیان جاری کر اس کا کریڈٹ اپنی حکومت کو دے دیا ہے۔
گزشتہ کئی دنوں سے لگاتار ہر چھوٹے بڑے اخبار میں دہلی حکومت کے اشتہار نے اب بی جے پی کے کان کھڑے کر دیئے ہیں۔ کیجریوال حکومت کو دہلی کی آلودگی میں کمی کا سارا کریڈٹ لیتا دیکھ مرکز کی بی جے پی حکومت کے وزیر پرکاش جاوڈیکر نے مرکز کے ذریعہ اٹھائے گئے اقدام کی جانکاری دیتے ہوئے اس کا کریڈٹ مودی حکومت کو دیا ہے۔
مرکزی وزیر ماحولیات پرکاش جاوڈیکر نے پیر کو مرکزی حکومت کے ذریعہ چلائے گئے کئی پروگرام کی یاد دلائی اور دعویٰ کیا کہ ان سے دہلی-این سی آر علاقے میں ہوا کی حالت میں کافی حد تک بہتری ہوئی ہے۔ انھوں نے دہلی-این سی آر کی ہوا میں بہتری کے لیے اپنی حکومت کو سارا سہرا دیتے ہوئے کہا کہ اس علاقے میں اس سال 30 ستمبر تک کل 270 دنوں میں 165 دن ’اچھی ہوا‘ رہی۔
دوسری طرف دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال ان دنوں ریاست میں ہوا کے معیار میں بہتری کا سہرا لیتے ہوئے بڑے بڑے اشتہارات شائع کر رہے ہیں۔ روزانہ صبح دہلی میں آنے والے تقریباً سبھی اخبارات میں دہلی حکومت کے ایسے اشتہارات دیکھنے کو مل رہے ہیں جن میں ماحولیاتی آلودگی میں کمی ہونے پر پیٹھ تھپتھپائی گئی ہے۔ ظاہر سی بات ہے کہ اس اشتہاری مہم کے لیے کروڑوں روپے خرچ ہو رہے ہوں گے۔
واضح رہے کہ ستمبر کے پہلے ہفتہ میں دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے پریس کانفرنس کر کے دعویٰ کیا تھا کہ دہلی کی آلودگی میں 25 فیصد کی کمی آئی ہے۔ کیجریوال نے کہا تھا کہ ’’دہلی آلودگی کنٹرول بورڈ اور سنٹرل آلودگی کنٹرول بورڈ کے مطابق گزشتہ 3 سالوں میں آلودگی میں زبردست کمی آئی ہے۔ دنیا کے سرفہرست 10 آلودہ شہروں میں جو ٹاپ کے دو شہر ہیں وہ گڑگاؤں اور غازی آباد آتے ہیں۔ 2015 میں جب ہماری حکومت بنی تھی تو حالت کچھ اس طرح تھی۔ میں آج خوشخبری دینا چاہتا ہوں کہ کئی سالوں کے بعد پہلی بار آلودگی بڑھنے کی جگہ کم ہونی شروع ہو گئی ہے۔‘‘
ساتھ ہی کیجریوال نے یہ بھی کہا تھا کہ دہلی میں آلودگی اب 25 فیصد تک کم ہو گئی ہے اور یہاں ہو رہی 24 گھنٹے بجلی سپلائی نے اس میں بے حد اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ایسٹرن پیریفیرل-وے اور ویسٹ پیریفیرل-وے اور دہلی میں داخلے پر ماحولیاتی ٹیکس کی شکل میں زبردست ٹیکس لگانے سے بھی اس میں فرق آیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس کے سبب 30 فیصد ٹرکوں کی دہلی میں انٹری کم ہوئی ہے جس سے دہلی میں تقریباً 7 فیصد آلودگی گھٹی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔