جامعہ کے طالب علم کو 16 اگست تک این آئی اے کی تحویل میں بھیجا گیا

محسن احمد پر ہندوستان اور بیرون ملک دہشت گرد تنظیم کے ہمدردوں سے رقم جمع کرنے اور اس رقم کو کرپٹو کرنسی کے ذریعہ ملک شام اور دیگر مقامات پر منتقل کرنے کا الزام ہے۔

فائل تصویر آئی اے این ایس
فائل تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

دہلی کی ایک خصوصی عدالت نے پیر کے روز جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طالب علم محسن احمد کو دہشت گرد گروپ آئی ایس آئی ایس میں مبینہ طور پر شامل ہونے کے الزام میں 16 اگست تک قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کی تحویل میں بھیج دیا۔

محسن احمد کو سنیچر کے روز نئی دہلی کے بٹلہ ہاؤس میں واقع اپنی رہائش گاہ سے آئی ایس آئی ایس کی آن لائن اور زمینی سرگرمیوں سے متعلق ایک معاملے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ محسن احمد پر ہندوستان اور بیرون ملک دہشت گرد تنظیم کے ہمدردوں سے رقم جمع کرنے اور اس رقم کو کرپٹو کرنسی کے ذریعہ ملک شام اور دیگر مقامات پر منتقل کرنے کا الزام ہے۔ یہ گرفتاری کئی ریاستوں میں این آئی اے کی وسیع تحقیقات کے بعد ہوئی ہے۔


این آئی اے نے آئی ایس آئی ایس سے متعلق سرگرمیوں کے سلسلے میں مدھیہ پردیش کے بھوپال اور رائسین اور گجرات کے بھروچ، سورت، نوساری اور احمد آباد میں تلاشی اور چھاپے ماری کی تھی۔ اس کے علاوہ بہار کے ضلع ارریہ ، کرناٹک کے بھٹکل اور ٹمکور شہر ، مہاراشٹر کے کولہاپور اور ناندیڑ اور اتر پردیش کے دیوبند میں چھاپے اور تلاشیاں لی گئی تھیں۔

NIA نے 25 جون 2022 کو تعزیرات ہند کی دفعہ 153A، و 153B اور غیر قانونی سرگرمیوں کے انسداد ایکٹ کی دفعہ 18، 18B، 38، 39 اور 40 کے تحت آئی ایس آئی ایس کی فنڈنگ ​​کا مقدمہ درج کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔