دہلی کانگریس کی ’جواب دو، حساب دو مہم‘، مصطفی آباد میں عظیم الشان ریلی کا انعقاد
دہلی میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے خلاف چلائی جا رہی کانگریس کی ’جواب دو، حساب دو‘ مہم سے لوگوں کے جڑنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس مہم کے تحت بڑی بڑی عہد ساز ریلیاں بھی منعقد کی جا رہی ہیں
نئی دہلی: دہلی میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے خلاف چلائی جا رہی کانگریس کی ’جواب دو، حساب دو‘ مہم سے لوگوں کے جڑنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس مہم کے تحت بڑی بڑی عہد ساز ریلیاں بھی منعقد کی جا رہی ہیں۔ اس کے تحت شمال مشرقی پارلیمانی حلقہ کے مصطفی آباد واقع سنجے چوک پر کانگریس کے سابق نائب صدر علی مہدی کے زیر اہتمام ایک ’پرتگیہ ریلی‘ کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر دہلی کانگریس کے صدر اروندر سنگھ لولی کے ساتھ جئے پرکاش اگروال، سبھاش چوپڑا، حسن احمد، ہارون یوسف اور مکیش شرما بھی موجود تھے۔
ریلی کی صدارت ضلع کانگریس صدر زبیر احمد اور آدیش بھاردواج نے کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے دہلی کانگریس صدر اروندر سنگھ لولی نے سنجے چوک پر ہزاروں لوگوں کی موجودگی میں بی جے پی اور دیگر سیاسی جماعتوں کے منتخب نمائندوں پر حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج شمال مشرقی پارلیمانی حلقہ کے اسکولوں میں کوئی کلاس نہیں ہے جس میں 100 سے کم بچے بیٹھتے ہوں۔
انہوں نے کہا کہ دہلی کی کانگریس حکومت نے بہتر تعلیم کے لیے سخت اقدامات کیے تھے لیکن فی الحال ایک غلط تعلیمی ماڈل کا پرچار کیا جا رہا ہے۔ اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے لولی نے کہا کہ کانگریس کے دور حکومت میں یمنا پار ڈیولپمنٹ بورڈ کے ذریعے 132.90 کروڑ روپے خرچ کیے گئے تھے اور تقریباً 50 میٹنگز منعقد کی گئی تھیں۔
علی مہدی نے کہا کہ اگر کانگریس حکومت سگنیچر برج نہ بناتی تو آج اس علاقے کی حالت جہنم کی سی بن چکی ہوتی۔ جے پی اگروال نے کہا کہ کانگریس کے 15 سال کے دور میں جس رفتار سے مشرقی پارلیمانی حلقہ میں ترقیاتی کام ہوئے، آج وہ کام اسی رفتار سے رک گئے ہیں۔ سابق ایم ایل اے حسن احمد نے کہا کہ یمنا کے پار ہونے والی ترقی آج دنیا بھر میں مشہور ہے۔ شیلا دکشت کے دور میں دہلی میں ہونے والی ترقی کو دیکھنے آج لوگ یہاں آنا چاہتے ہیں لیکن جب سے بی جے پی اور عام آدمی پارٹی کی حکومتیں آئی ہیں، لوگ بے سکونی میں جی رہے ہیں اور علاقے میں تبدیلی چاہتے ہیں۔
ریلی میں سبھاش چوپڑا، ہارون یوسف، مکیش شرما، ڈاکٹر نریندر ناتھ، منگاترام سنگھل، متین احمد، بھیشم شرما، وپن شرما، ویر سنگھ دھینگن، زبیر احمد، آدیش بھاردواج، جتیندر کمار کوچر، امیت ملک، کارپوریشن کونسلر نے شرکت کی۔ شبیلہ بیگم، نازیہ خاتون، حاجی ظریف سمیر منصوری اور شگفتہ چوہدری، حاجی خوشنود، جاوید چوہدری وغیرہ نے بھی خطاب کیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔