دہلی: ’کانگریس اقتدار میں واپسی کے بعد اسٹریٹ وینڈنگ ایکٹ 2014 کو بہتر طریقے سے نافذ کرے گی‘، دیویندر یادو کا وعدہ
کانگریس برسراقتدار ہوئی تو اسٹریٹ وینڈنگ قانون کو نافذ کر کے ریہڑی پٹری والوں کو انشورنس کی ضمانت دے گی۔ ساتھ ہی ’شہری وینڈنگ منصوبہ‘ کو منظوری دے کر ریہڑی پٹری والوں کو مستقل جگہ بھی الاٹ کرے گی۔
نئی دہلی: دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو گزشتہ 8 نومبر سے عوام کے مسائل کو قریب سے جاننے کے لیے ’دہلی نیائے یاترا‘ کر رہے ہیں۔ اس دوران انہوں نے ایک اہم مسئلہ کی طرف لوگوں کی توجہ مرکوز کی ہے۔ دراصل کانگریس کی یو پی اے حکومت نے 2014 میں ’اسٹریٹ وینڈنگ ایکٹ‘ بنایا تھا، تاکہ لوگ آسانی سے اپنا کاروبار کر سکیں۔ اس کے صحیح نفاذ کے بعد غریبوں کے مسائل ایک حد تک حل ہو جاتے۔ دیویند یادو نے کہا کہ ’’سڑک پر روزی روٹی کمانے والے شہری غریبوں کے لیے ’اسٹریٹ وینڈنگ ایکٹ‘ ہونے کے باوجود موجودہ حکومت کی لاپرواہی کی وجہ سے غریب لوگوں کو پولیس اور میونسپل کارپوریشن کے تشدد کو جھیلنا پڑ رہا ہے۔‘‘
دیویندر یادو نے کہا کہ ریہڑی پٹری کے دکاندار کوئی تجاوزات کرنے والے نہیں ہیں۔ حالانکہ وہ بے چارے خود روزگار کے ذریعہ اپنے کنبہ کو پالتے ہیں۔ ساتھ ہی کم کمانے والے لوگوں کو مناسب قیمت پر سامان مہیا کراتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ وینڈنگ ایکٹ کے تحت وینڈنگ زون بنانے اور لائسنس دینے کا کام عام آدمی پارٹی کی کیجریوال حکومت کا تھا۔ دہلی میونسپل کارپوریشن کو ٹاؤن وینڈنگ کمیٹی تشکیل دینی تھی، زون کی سطح پر سروے کا کام کرنا تھا، جو آج تک درست طریقے سے نہیں ہو سکا۔
دیویندر یادو نے بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ’پی ایم سونِدھی یوجنا‘ کے تحت اسٹریٹ وینڈرز کو گمراہ کرنے کے لیے ’سرٹیفکیٹ آف وینڈنگ‘ کی جگہ ’لیٹر آف ریکمنڈیشن‘ جاری کیا۔ ایک اندازے کے مطابق 8 لاکھ اسٹریٹ وینڈرز میں سے صرف 1.62 لاکھ کو ہی ’پی ایم سونِدھی یوجنا‘ کے تحت ایل او آر ملا۔ جب تک دہلی حکومت اور دہلی میونسپل کارپوریشن ٹاؤن وینڈنگ کمیٹی تشکیل نہیں دیتی، سروے کا کام مکمل نہیں کرتی اور ریہڑی پٹری کو لائسنس جاری نہیں کرتی، تب تک اسٹریٹ وینڈنگ قانون کو زمینی سطح پر نافذ نہیں کیا جا سکتا۔ دہلی کانگریس صدر نے کہا کہ اسٹریٹ وینڈنگ قانون کے تحت ریہڑی پٹری والوں کو لائسنس بھی فراہم کرنا چاہیے۔ اگر کانگریس کی حکومت بنتی ہے تو اسٹریٹ وینڈنگ قانون نافذ کر کے ریہڑی پٹری والوں کو انشورنس کی ضمانت بھی دے گی۔ ریہڑی پٹری والوں کی روزی روٹی کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے کانگریس حکومت سروے کرائے گی، وینڈنگ کا سرٹیفکیٹ دے گی، لائسنس دے گی، آئی کارڈ جاری کرے گی۔ ساتھ ہی ’شہری وینڈنگ منصوبہ‘ کو منظوری دے کر ریہڑی پٹری والوں کو مستقل جگہ الاٹ کرے گی۔
دیویندر یادو کا کہنا ہے کہ ’اسٹریٹ وینڈنگ ایکٹ‘ 2014 کو نافذ کرنے کے لیے سیکشن 36 کے تحت رولز اور سیکشن 38 کے تحت پلان بنانے کی ضرورت ہے۔ یہ قوانین اور پلان سال 2019 میں لاگو کیا جانا تھا، لیکن 8 لاکھ اسٹریٹ وینڈر میں سے صرف 75 ہزار کو ہی ’سرٹیفکیٹ آف وینڈنگ‘ کا آدھا ادھورا سرٹیفکیٹ ملا۔ بی جے پی اور عام آدمی پارٹی کی لاپرواہی کی وجہ سے آج جن کے پاس سرٹیفکیٹ ہیں اور جن کے پاس نہیں ہیں، پولیس اور انتظامیہ ان دونوں کو پریشان کر رہی ہے۔ کانگریس کی حکومت آنے کے ساتھ ہی غریبوں کو در پیش تمام مسائل حل کیے جائیں گے۔ ہمیں یقین ہے کہ دہلی کی عوام جو گزشتہ 10 سالوں سے مرکزی اور ریاستی حکومت سے خاصا پریشان ہے، کانگریس کو خدمت کرنے کا موقع ضرور فراہم کرے گی۔