شیلا دیکشت کے یوم وفات پر دہلی کانگریس صدر نے کی شجرکاری

چودھری انل کمار نے کہا کہ دہلی کی عوام شیلا دیکشت کو جدید دہلی کے معمار کی شکل میں آج بھی یاد کرتی ہے کیونکہ انہی کے 15 سالہ دور اقتدار میں دہلی کی غیر معمولی ترقی ہوئی۔

تصویر بذریعہ پریس ریلیز
تصویر بذریعہ پریس ریلیز
user

قومی آواز بیورو

دہلی کی سابق وزیر اعلیٰ آنجہانی شیلا دیکشت کے دوسرے یوم وفات پر دہلی پردیش کانگریس کمیٹی دفتر میں منعقد جلسہ کے دوران ریاستی کانگریس صدر چودھری انل کمار سمیت موجود سبھی لیڈروں و کارکنان نے شیلا جی کی تصویر پر گلپوشی کی۔ ریاستی صدر نے پردیش کانگریس دفتر کے احاطہ میں شیلا جی کی یاد میں اسکولی بچوں کے ساتھ شجرکاری بھی کی۔ یہ عمل اس لیے انجام دیا گیا کیونکہ شیلا جی کو ماحولیات سے بہت لگاؤ تھا۔

شجرکاری کرتے ہوئے دہلی کانگریس کے صدر چودھری انل کمار
شجرکاری کرتے ہوئے دہلی کانگریس کے صدر چودھری انل کمار
تصویر بذریعہ پریس ریلیز

جلسہ اور شجرکاری پروگرام میں شیلا دیکشت کے بیٹے سندیپ دیکشت، بیٹی لتیکا کے علاوہ سابق مرکزی وزیر جگدیش ٹائٹلر، ریاستی نائب صدر علی مہندی، ریاستی خاتون کانگریس سربراہ امرتا دھون، سابق وزیر ڈاکٹر یوگانند شاستری، سابق رکن اسمبلی چودھری متین احمد، انل بھاردواج، کنور کرن سنگھ، وجے لوچو، ہری شنکر گپتا، سریندر کمار، بھیشم شرما، راجیش جین، امریش گوتم اہم طور پر موجود تھے۔ شیلا دیکشت کے یوم وفات پر سبھی ضلع اور بلاک ریاستی کانگریس کمیٹیوں نے اپنے اپنے علاقے میں شجرکاری کی۔

تصویر بذریعہ پریس ریلیز
تصویر بذریعہ پریس ریلیز

اس موقع پر چودھری انل کمار نے کہا کہ دہلی کی عوام شیلا دیکشت کو جدید دہلی کے معمار کی شکل میں آج بھی یاد کرتی ہے کیونکہ انہی کے 15 سال کے دور اقتدار میں دہلی کی غیر معمولی ترقی ہوئی۔ ماحولیات کو دھیان میں رکھتے ہوئے شیلا جی کے ذریعہ شروع کیا گیا میٹرو پروجیکٹ سب سے اہم ہے، جس کے بعد لوگوں کو سفر میں آسانیاں میسر ہو گئیں۔ انھوں نے کہا کہ آلودگی سے پاک دہلی بنانے کے لیے شیلا جی نے سی این جی والی لو فلور بسوں کو متعارف کرایا اور دہلی میں سبز علاقہ بڑھانے کے لیے خصوصی کام کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔