دہلی کانگریس صدر نے منشور کمیٹی کے آؤٹ ریچ پروگرام ’دلی والو آؤ-دلی چلاؤ‘ کا کیا آغاز

انتخابی منشور پر عوامی تجاویز کو ڈیجیٹل اور ٹیلی فونک طور پر لینے کے لیے ایک ویب سائٹ dpcc-info اور واٹس ایپ نمبر 8860812345 جاری کیا گیا ہے جس پر کال کر کے بھی تجاویز دی جا سکتی ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>دہلی کانگریس کے صدر دیویندر یادو</p></div>

دہلی کانگریس کے صدر دیویندر یادو

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: دہلی ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے آج کناٹ پیلیس کے پالیکا بازار واقع صدر دروازہ کے پاس دہلی کانگریس کی منشور کمیٹی کے آؤٹ ریچ پروگرام ’دلی والو آؤ دلی-چلاؤ‘ کی شروعات کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم دہلی کے آخری شخص کی تجاویز کو لے کر سب کی شمولیت کے ساتھ دہلی کی ترقی کے لئے جو خاکہ تیار کریں گے، اس کو آپ کے تعاون سے پوری طرح نبھائیں گے۔ ہمیں دہلی کی عوام کا ساتھ چاہئے، کانگریس ایک بار پھر آنجہانی شیلا دیکشت کی 15 سالہ دور حکومت کی تاریخ کو دہرانے کے لئے پر عزم ہے۔‘‘

دیویندر یادو نے منشور پر عوامی تجاویز کو ڈیجیٹل اور ٹیلی فونک طور پر لینے کے لیے ایک ویب سائٹ dpcc-info اور واٹس ایپ نمبر 8860812345 جاری کیا ہے جس پر کال کر کے تجاویز دی جا سکتی ہیں۔ اس موقع پر دیویندر یادو نے عوام کی کرسی والی مینی فیسٹو وین کو بھی دہلی کی عوام سے مشورہ اور تجاویز لینے کے لئے روانہ کیا۔ دیویندر یادو نے کہا کہ دہلی کے لوگوں میں کانگریس کے تئیں بھروسہ، وفاداری اور پیار ہے۔ ہمیں عوام کے پاس جانا ہے، کیونکہ کانگریس مستقبل میں کیا اور کیسے کام کرے گی یہ سب اپنے حالات کی بنیاد پر دہلی کی عوام بتائے گی۔ ساتھ ہی کیا بدلاؤ کرنا ہے اس کے لئے بھی دہلی کی عوام ہی راہنمائی کرے گی۔


دہلی کانگریس صدر نے کہا کہ گزشتہ 10 سالوں میں مرکزی اور ریاستی حکومتوں نے دہلی کو برباد کرنے میں کوئی کسر نہں چھوڑا ہے۔ انہوں نے پروگرام میں رکھی خالی کرسی پر اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ دہلی کے عوام کی کرسی ہے۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ آپ آئیے اور اس پر بیٹھ کر دہلی کے مسائل کے خاتمے کے لئے کیا حکمت عملی ہو سکتی ہی بتائیے، اور اس سے دہلی کو پاک کریں۔ دیویندر یادو نے مزید کہا کہ دہلی کے لوگوں کے لیے کام کرنے کے بجائے عام آدمی پارٹی اور بی جے پی حکومتوں کے درمیان ڈرامہ بازی آئے دن ٹی وی، ریڈیو، سوشل میڈیا اور اخبارات پر دیکھنے کو ملتی رہتی ہے۔

دیویندر یادو نے کہا کہ جیل سے رہا ہونے کے بعد اروند کیجریوال عوام کے درمیان جا کر کہتے ہیں کہ میں دہلی کا بیٹا ہوں، میں آپ کے مسائل سننے آیا ہوں، سب ٹھیک کر دوں گا۔ ان کے وزیر اور ایم ایل اے عوام کی بات سنتے تو ہیں لیکن ساتھ شکایت کرتے رہتے ہیں کہ وہ ہمیں کام نہیں کرنے دے رہے ہیں۔ میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ دہلی کے لوگوں نے تو آپ کو دہلی کے مسائل حل کرنے اور بدعنوانی کو کم کرنے کے لیے منتخب کیا ہے۔ پھر کیوں آپ الزام لگاتے ہیں کہ پڑوسی ریاست، مرکزی حکومت اور دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر کام نہیں کرنے دیتے۔ آپ کی بہانے بازی آپ کو نہیں بچا سکتی۔ دہلی کے حالات کے لیے براہ راست عام آدمی پارٹی ذمہ دار ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔