چودھری انل نے براڑی میدان کا کیا دورہ، کسانوں کو اپنے ہاتھوں سے بنا کر پلائی چائے
دہلی کانگریس صدر چودھری انل کمار نے کیجریوال حکومت سے کہا کہ اگر وہ واقعی میں کسانوں کے ہمدرد ہیں تو انھیں فوری طور پر 23 نومبر 2020 کو جاری نوٹیفکیشن واپس لینا چاہیے۔
دہلی ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر چودھری انل کمار نے یکم دسمبر کو براڑی میدان کا دورہ کیا جہاں کسان مودی حکومت کے ذریعہ پاس کردہ تین زرعی قوانین کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کر رہے ہیں۔ کانگریس پارٹی مظاہرین کسانوں کے لیے کھانے وغیرہ کا انتظام کر رہی ہے اور اسی لیے دہلی کانگریس صدر نے نرنکاری گراؤنڈ کا دورہ کر حالات کا جائزہ لیا۔ اتنا ہی نہیں، چودھری انل کمار نے مودی حکومت کے خلاف جمع کسانوں کو خود اپنے ہاتھوں سے چائے بنا کر پلائی اور کہا کہ کانگریس پارٹی کسانوں کی اس لڑائی میں ہر قدم پر ساتھ کھڑی ہے۔
چودھری انل کمار کی براڑی میں موجودگی پر جب عآپ کارکنان نے سوال اٹھائے تو انھوں نے جواب دیا کہ وہ کسان کے مفادات کی حمایت کے ارادے سے براڑی پہنچے ہیں، کیونکہ کانگریس نے کسانوں کے کھانے کا انتظام کیا ہے اور اس کے لیے کمیونٹی کچن قائم کیا ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ عآپ کسانوں کے ایشو پر مگرمچھ کے آنسو بہا رہی ہے، کیونکہ سچ تو یہ ہے کہ وہ مودی حکومت کے ذریعہ پاس کسان مخالف بلوں کی حامی ہے۔ چودھری انل کمار نے کہا کہ ’’کیجریوال حکومت نے خود 23 نومبر 2020 کو نوٹیفکیشن جاری کر کے کہا ہے کہ مرکزی حکومت کے ذریعہ زرعی بلوں کو جیسے ہی نافذ کیا جاتا ہے، دہلی حکومت اسے نافذ کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔‘‘ انھوں نے کہا کہ یہ دہلی حکومت کسان مخالف قوانین کے خلاف ہے تو جھوٹی بیان بازی کی جگہ اپنی روش واضح کرنی چاہیے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔