کانگریس نے ’دلی کورونا ایپ‘ پر لگایا لوگوں کو دھوکہ دینے کا الزام
دہلی کانگریس صدر انل کمار کا کہنا ہے کہ دلی کورونا ایپ دن میں دو بار اپ ڈیٹ ہوتا ہے اور اس کے مطابق کئی بیڈ خالی ہیں، تو پھر اسپتال مریضوں کو بیڈ کیوں نہیں دے رہے ہیں۔
نئی دہلی: دلی کانگریس کمیٹی کے صدر انل کمار چودھری نے کیجریوال حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ اسپتالوں میں مریضوں کی سہولیات کے لئے ’دلی کورونا ایپ‘ لانچ تو کردیا گیا لیکن سرکاری اور پرائیویٹ اسپتال میں لوگوں کو بیڈ نہیں مل رہے ہیں۔ انل کمار نے کہا کہ دلی کورونا ایپ میں دو بار صبح 10 بجے اور شام چھ بجے اپ ڈیٹ ہوتا ہے اور کورونا ایپ کے مطابق خالی بیڈ ہونے کے باوجود اسپتال مریضوں کو بیڈ کیوں نہیں دے رہے ہیں۔ انہوں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دلی والوں کو اس حقیقت کا پتہ چل چکا ہے کہ وزیراعلی اروند کیجریوال ہر روز نئے اعلان کرکے لوگوں کے ساتھ دھوکہ کررہے ہیں۔
انل کمار کا کہنا ہے کہ دلی میں حالات کیجریوال حکومت کے قابو سے پوری طرح نکل چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک ہفتے میں کووڈ 19 کے متاثرین کی تعداد میں 35 فیصد سے بھی زیادہ کا اضافہ ہوا ہے۔ جبکہ گزشتہ ایک ہفتے ممیں 8389 نئے مریض آئے ہیں اور 303 یعنی کل تعداد کی 50 فیصد اموات ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج دلی میں کووڈ۔ 19 مریضوں کی تعداد ملک میں تیسرے نمبر پر ہے اور آج کورونا کیس 23645 ہیں جبکہ 606 لوگوں کی موت ہوچککی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کی تعداد بڑھنے کے ساتھ ہی اموات میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔
انل کمار نے کہا کہ کیجریوال حکومت اپنے جھوٹے بیانوں سے دلی والوں کو دھوکہ دیکر ذہنی طور پر اذیت دینا بند کرے۔ ایسے حالات کا سامنا کرکے ان کے حوصلے ٹوٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیجریوال اپنے آپ کو دلی کا بیٹا کہتے ہیں تو اس دکھ کی گھڑی میں دلی کا بیٹا کہاں چھپا بیٹھا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔