دہلی: ’سی ایم ہاؤس‘ کا تنازعہ ختم، آتشی کو مل گیا کیجریوال والا بنگلہ، پی ڈبلیو ڈی نے چابی کی حوالے

عآپ نے الزام عائد کیا تھا کہ دہلی کی منتخب وزیر اعلیٰ کو لیفٹیننٹ گورنر کے اشاروں پر ان کی سرکاری رہائش سے باہر نکال دیا گیا۔

<div class="paragraphs"><p>آتشی سنگھ / ’ایکس‘&nbsp;@AtishiAAP</p></div>

آتشی سنگھ / ’ایکس‘@AtishiAAP

user

قومی آواز بیورو

دہلی کی وزیر اعلیٰ آتشی کو بالآخر 6 فلیگ اسٹاف روڈ واقع وہ بنگلہ الاٹ کر ہی دیا گیا جس میں سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال رہا کرتے تھے۔ ایل جی ہاؤس سے ملی جانکاری کے مطابق پی ڈبلیو ڈی محکمہ نے آج آتشی کو بنگلے کی چابی بھی سونپ دی۔ اس کے ساتھ ہی دہلی میں ’سی ایم ہاؤس‘ کو لے کر جاری تنازعہ بھی ختم ہو گیا ہے۔ گزشتہ کچھ دنوں سے عآپ لیڈران لگاتار بی جے پی پر الزام عائد کر رہے تھے کہ وہ ایک منتخب خاتون وزیر اعلیٰ کے ساتھ بدنیتی کر رہی ہے اور انھیں سی ایم ہاؤس نہیں دینا چاہتی۔

قابل ذکر ہے کہ وزیر اعلیٰ عہدہ سے استعفیٰ دینے کے بعد کیجریوال نے 4 اکتوبر کو رہائش گاہ خالی کر دیا تھا۔ اس کے بعد وزیر اعلیٰ آتشی وہاں رہنے کے لیے چلی گئی تھیں۔ اس درمیان بنگلے کے آفیشیل الاٹمنٹ کو لے کر تنازعہ کھڑا ہو گیا۔ معاملہ اتنا بڑھ گیا کہ وزیر اعلیٰ کو اپنا سامان واپس لے کر جانا پڑا۔ سوشل میڈیا پر کچھ ویڈیوز بھی وائرل ہوئی تھیں، جس کے بعد ایک سیاسی ہنگامہ شروع ہو گیا تھا۔


عآپ نے الزام عائد کیا تھا کہ دہلی کی نومنتخب وزیر اعلیٰ کو لیفٹیننٹ گورنر کے اشاروں پر ان کی سرکاری رہائش سے باہر نکال دیا گیا۔ عآپ سے راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ نے تو جمعرات کو میڈیا سے یہاں تک کہا کہ نورات کے موقع پر ایک خاتون وزیر اعلیٰ کا سامان پھینک کر اسے گھر سے نکال دیا گیا۔ بی جے پی بغیر انتخاب جیتے وزیر اعلیٰ رہائش پر قبضہ کرنا چاہتی ہے۔

بہرحال، پی ڈبلیو ڈی محکمہ کا کہنا ہے کہ ٹرانسفر-الاٹمنٹ اور سامان کی انونٹری سے متعلق سبھی عمل انجام دینے کے بعد رسمی طور سے 6 فلیگ اسٹاف روڈ کو دہلی کی وزیر اعلیٰ آتشی کو الاٹ کر دیا ہے۔ یعنی عآپ کی شکایتیں اب دور ہو گئی ہیں، اور جلد ہی آتشی یہاں میٹنگیں بھی کر سکیں گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔