دہلی: کورونا وائرس پر فتح چند قدم دور، کیجریوال نے سنائی خوشخبری

وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے میڈیا سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ”ہم نے ایل این جے پی اسپتال کے چار مریضوں پر پلازمہ تھیراپی کا ٹرائل کیا۔ اب تک جو نتیجہ برآمد ہوا ہے وہ خوش آئند ہے۔“

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

ہندوستان سمیت پوری دنیا میں ڈاکٹر کورونا وائرس انفیکشن کا علاج تلاش کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ کورونا کے خلاف لڑائی میں کامیابی کو لے کر الگ الگ ممالک الگ الگ دعوے کر رہا ہے۔ اس دوران دہلی سے ایک اچھی خبر سامنے آ رہی ہے۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے خوشی دیتے ہوئے کہا ہے کہ پلازمہ تھیراپی کے ذریعہ کورونا انفیکشن کے مریضوں کا علاج کر رہے ڈاکٹروں کو کامیابی ملتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔


وزیر اعلیٰ نے میڈیا سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ "ہم نے ایل این جے پی اسپتال کے چار مریضوں پر پلازمہ تھیراپی کا ٹرائل کر کے دیکھا ہے۔ ٹرائل کے اب تک خوش آئند نتیجے برآمد ہوئے ہیں۔" انھوں نے مزید کہا کہ "منگل کو دو مریضوں کو پلازمہ تھیراپی دی گئی تھی، آج شاید انھیں آئی سی یو سے چھٹی مل جائے گی۔ جو دو مزید مریض ہیں، انھیں کل پلازمہ دیا گیا تھا۔ 24 گھنٹے میں ہی انھیں کافی اچھے نتیجے دکھائی دے رہے ہیں۔ آج دو یا تین دیگر مریضوں کو پلازمہ دیا جائے گا۔"

اروند کیجریوال نے کہا کہ مرکزی حکومت نے ایل این جے پی اسپتال میں داخل سنگین حالت والے مریضوں پر پلازمہ تھیراپی کی اجازت دی تھی۔ اگلے 2 سے 3 دن اور ہم ٹرائل کریں گے اور اس کے بعد اگلے ہفتے مرکزی حکومت سے پوری دہلی کے کورونا کے سنگین مریضوں کو پلازمہ تھیراپی دینے کی اجازت طلب کریں گے۔"


واضح رہے کہ پورے ہندوستان میں کورونا وائرس کو لے کرکہرام مچا ہوا ہے۔ مرکزی وزیر صحت کی جانب سے جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا کے مریضوں کی تعداد لگاتار بڑھ رہی ہے۔ ملک میں کورونا مریضوں کی تعداد اس وقت 23077 ہے اور مہلوکین کی تعداد بڑھ کر 718 ہو گئی ہے۔ وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے اندر کورونا کے 1684 نئے معاملے سامنے آئے ہیں جب کہ 24 گھنٹے کے اندر 37 لوگوں کی موت ہو گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 24 Apr 2020, 3:40 PM