دہلی کے وزیر اعلیٰ کیجریوال کی تہاڑ جیل میں خودسپردگی، کہا- ’پی ایم مودی نے مجھے بغیر ثبوت کے جیل میں ڈالا!‘
سپریم کورٹ نے دہلی شراب پالیسی گھوٹالہ متعلق منی لانڈرنگ کیس گرفتار کیجریوال کو 10 مئی کو لوک سبھا انتخابات میں مہم چلانے کے لیے عبوری ضمانت دی تھی اور یہ مدت یکم جون کو ختم ہو گئی تھی
نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلی اور عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال نے اتوار کو 21 دن کی عبوری ضمانت کی میعاد ختم ہونے کے بعد دہلی کی تہاڑ جیل پہنچ کر خودسپردگی کر دی۔ سپریم کورٹ نے دہلی شراب پالیسی گھوٹالہ متعلق منی لانڈرنگ کیس گرفتار کیجریوال کو 10 مئی کو لوک سبھا انتخابات میں مہم چلانے کے لیے عبوری ضمانت دی تھی اور یہ مدت یکم جون کو ختم ہو گئی تھی۔
کیجریوال نے خود سپردگی سے قبل راج گھاٹ پر مہاتما گاندھی کی سمادھی پر خراج عقیدت پیش کیا اور کناٹ پلیس کے ہنومان مندر میں پوجا کی۔ انہوں نے پارٹی دفتر میں عام آدمی پارٹی (عآپ) کے رہنماؤں اور کارکنوں سے خطاب کیا۔ کیجریوال نے پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ’’میں جیل واپس جا رہا ہوں، اس لیے نہیں کہ میں بدعنوانی میں ملوث تھا، بلکہ اس لیے کہ میں نے آمریت کے خلاف آواز اٹھائی تھی۔‘‘
اروند کیجریوال نے کہا، ’’سپریم کورٹ نے مجھے 21 دن کا وقت دیا تھا۔ میں سپریم کورٹ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ 21 دن پورے ہو گئے ہیں۔ یہاں سے میں سیدھا تہاڑ جا رہا ہوں۔ میں نے 21 دنوں میں ایک منٹ بھی ضائع نہیں کیا۔ میں نے ملک کو بچانے کے لئے دن رات مہم چلائی۔ میں نے صرف عام آدمی پارٹی کے لئے مہم نہیں چلائی۔ ملک میرے سامنے تھا۔ ہمارے لئے، ملک پہلے آتا ہے۔‘‘
اروند کیجریوال نے کہا، "میں دہلی کے لوگوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ آپ کا بیٹا دوبارہ جیل جانے والا ہے۔ میں اس لیے جیل نہیں جا رہا کہ میں نے بدعنوانی کی ہے۔ میں جیل اس لیے جا رہا ہوں کہ میں نے آمریت سے لڑا ہے۔ پی ایم مودی کے پاس میرے خلاف کوئی ثبوت نہیں ہے، اگر کہیں سے کچھ نہیں ملا تو کرپشن کا پیسہ کہاں گیا؟ پی ایم مودی نے خود ایک انٹرویو میں کہا کہ کیجریوال کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ہے، وہ ایک تجربہ کار چور ہے، انہوں نے مجھے بغیر کسی ثبوت کے جیل میں ڈال دیا۔‘‘
دریں اثنا، دہلی کے وزیر اور عآپ لیڈر گوپال رائے نے کہا، ’’جس طرح سے دہلی کے منتخب وزیر اعلیٰ کو گرفتار کیا گیا۔ سپریم کورٹ نے انتخابی مہم کے لیے عبوری ضمانت دی تھی۔ آج اروند جی دوبارہ جیل جا رہے ہیں، ہمیں امید ہے کہ وہ جیل سے جلد ہی واپس آ جائیں گے۔‘‘
وہیں، دہلی حکومت کی وزیر آتشی نے کہا، ’’انتخابات جمہوریت کی بنیاد ہیں، جمہوریت کو بچانے کے لیے سپریم کورٹ نے کیجریوال کو 21 دن کے لیے ضمانت دی تھی۔ عدالت اور آئین کا احترام کرتے ہوئے کیجریوال نے مقررہ تاریخ پر سرینڈر کیا ہے۔‘‘ انہوں نےی مزید کہا، ’’یہ درست ہے کہ ان کی صحت ٹھیک نہیں ہے۔ ان کا کیٹون لیول بڑھا ہوا ہے، ان کا وزن 6 کلو کم ہو گیا ہے لیکن پارٹی کا کوئی بھی رہنما جیل جانے سے نہیں ڈرتا۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔