سی بی آئی تنازعہ پر عدالتی فیصلہ کے بعد آلوک ورما نے دفتر پہنچ کر ذمہ داری سنبھالی

سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد سی بی آئی ڈائریکٹر عہدہ پر پھر سے بحال ہوئے آلوک ورما نے آج اپنا عہدہ سنبھال لیا۔ عدالت نے مودی حکومت کے ذریعہ انھیں چھٹی پر بھیجنے کا فیصلہ 8 جنوری کو رد کر دیا تھا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

سی بی آئی تنازعہ پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد آلوک ورما 9 جنوری کو سی بی آئی ہیڈ کوارٹر پہنچے اور ایک بار پھر ڈائریکٹر کا عہدہ سنبھال لیا۔ انھوں نے 77 دنوں کے بعد بدھ کی صبح عہدہ سنبھالا ہے۔ حالانکہ ابھی وہ کوئی پالیسی پر مبنی فیصلہ نہیں لے پائیں گے، لیکن عہدہ پر بحالی کو ان کی فتح اور مودی حکومت کو جھٹکا تصور کیا جا رہا ہے۔ منگل کے روز عدالت نے آلوک ورما کو بڑی راحت دیتے ہوئے انھیں کام پر بحال کر دیا تھا۔

8 جنوری کو سماعت کے دوران عدالت نے کہا تھا کہ ’’حکومت کو سی بی آئی چیف آلوک ورما کو چھٹی پر بھیجنے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔ صرف سلیکٹ کمیٹی کے پاس ہی یہ اختیار موجود ہے۔ کہا گیا ہے کہ ڈی ایس پی ای ایکٹ کے تحت اعلیٰ اختیار کمیٹی ایک ہفتہ کے اندر ان کے معاملے پر کارروائی کرنے کا غور کرے۔ جب تک اعلیٰ سطحی کمیٹی آلوک ورما پر کوئی فیصلہ نہیں لے لیتا، اس وقت تک وہ کوئی بڑا فیصلہ نہیں لے سکتے ہیں۔ عدالت نے مزید کہا تھا کہ ’’آلوک ورما کو ہٹانے کا معاملہ حکومت کو سی جے آئی، پی ایم اور اپوزیشن کے لیڈر والی کابینہ کمیٹی کے پاس بھیجنا چاہیے تھا۔‘‘

واضح رہے کہ آلوک ورما نے مودی حکومت کے ذریعہ ان کے اختیار چھیننے اور جبراً چھٹی پر بھیجنے کے خلاف عرضی داخل کی تھی۔ سی بی آئی کے ڈائریکٹر آلوک کمار ورما اور بیورو کے اسپیشل ڈائریکٹر راکیش استھانہ کے درمیان جاری جنگ برسرعام ہونے کے بعد مرکزی حکومت نے گزشتہ سال 23 اکتوبر کو دونوں افسران کو ان کے اختیارات سے محروم کر چھٹی پر بھیجنے کا فیصلہ لیا تھا۔ دونوں افسران نے ایک دوسرے پر بدعنوانی کے الزام عائد کیے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔