21 مارچ کو پیش نہیں ہوگا دہلی کا بجٹ! مرکز نے دہلی حکومت سے پوچھے کچھ سوالات، کیجریوال نے کہا ’یہ غنڈہ گردی ہے‘

مرکزی وزارت داخلہ نے دہلی حکومت سے کچھ سوالات کے جواب مانگے ہیں اور واضح کیا ہے کہ جواب نہ ملنے تک بجٹ پیش کرنے کی منظوری نہیں ملے گی۔

اروند کیجریوال، تصویر یو این آئی
اروند کیجریوال، تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

دہلی اسمبلی میں منگل کے روز یعنی 21 مارچ کو بجٹ پیش کیا جانا تھا، لیکن اب ایسا نہیں ہو پائے گا۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے ٹوئٹ کر اس سلسلے میں جانکاری دی ہے۔ انھوں نے مرکز کی بی جے پی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ منگل کے روز دہلی حکومت کا بجٹ پیش ہونا تھا اور پیر کی شام مرکزی حکومت نے بجٹ پر روک لگا دی ہے۔ وزیر اعلیٰ کیجریوال نے کہا کہ ’’سیدھے سیدھے غنڈہ گردی چل رہی ہے۔‘‘

دہلی حکومت اور وزیر اعلیٰ کیجریوال کے الزامات پر مرکزی وزارت داخلہ نے جوابی حملہ کیا ہے۔ وزارت داخلہ نے دہلی حکومت سے کچھ سوالوں کے جواب مانگے ہیں اور واضح کیا ہے کہ جواب نہ ملنے تک بجٹ پیش کرنے کی منظوری نہیں ملے گی۔ کچھ میڈیا رپورٹس میں وزارت داخلہ کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ مرکزی وزارت داخلہ نے دہلی حکومت کے ذریعہ تیار بجٹ کو پیش کرنے اجازت نہیں دی کیونکہ مرکزی حکومت اس سے مطمئن نہیں تھی۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ دہلی حکومت کے مجوزہ بجٹ میں اشتہارات پر زیادہ زور دیا گیا ہے اور انفراسٹرکچر و صحت وغیرہ عوامی ایشوز پر کم توجہ دی گئی تھی۔


دہلی حکومت کے ذریعہ مجوزہ بجٹ پر جس طرح کے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، اسے دہلی حکومت نے مسترد کر دیا ہے۔ دہلی حکومت کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ جھوٹ بول رہا ہے۔ دہلی حکومت کا مجموعی بجٹ 78800 کروڑ روپے کا ہے۔ اس میں 22000 کروڑ روپے انفراسٹرکچر پر خرچ ہوں گے۔ اشتہارات پر صرف 550 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔

بہرحال، موصولہ اطلاعات کے طمابق وزارت داخلہ کی طرف سے بولا گیا تھا کہ دوبارہ بجٹ میں اصلاح کر کے بھیجیں۔ دہلی حکومت نے اب تک بجٹ میں ترمیم کر اسے نہیں بھیجا ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اسی وجہ سے بجٹ کو روکا گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ دہلی کے بجٹ کو اسمبلی میں پشی کرنے سے پہلے مرکزی حکومت سے اجازت لینی ہوتی ہے۔ اس کے بعد ہی دہلی اسمبلی میں بجٹ کو پیش کیا جاتا ہے۔ پہلے سے طے تھا کہ اس بار 21 مارچ (منگل) کو اسمبلی میں دہلی کا بجٹ پیش کیا جائے گا، لیکن اب ایسا ممکن نہیں ہو پائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔