دہلی میں جرائم عروج پر، بی جے پی رکن اسمبلی کی بیوی سے دِن دہاڑے لوٹ
دہلی میں بی جے پی رکن اسمبلی وجیندر گپتا کی بیوی کا سامان جرائم پیشوں نے برسرعام لوٹ لیا۔ اس واقعہ کی خبر سے سبھی حیران ہیں۔ پولس نے کیس درج کر معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔
راجدھانی دہلی میں بدمعاش کس قدر بے خوف ہو گئے ہیں جرائم کس طرح اپنے عروج پر ہے، اس بات کا اندازہ اسی بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ شہر میں رکن اسمبلی اور ان کی بیویاں تک محفوظ نہیں۔ لٹینس دہلی میں بھی جرائم کے واردات کو انجام دینے سے باز نہیں آ رہے ہیں۔ دہلی میں منڈی ہاؤس کے پاس بی جے پی رکن اسمبلی اور اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر وجیندر گپتا کی بیوی شوبھا وجیندر کے ساتھ دن دہاڑے لوٹ کا واقعہ پیش آیا ہے۔
بی جے پی رکن اسمبلی وجیندر گپتا کی بیوی شوبھا وجیندر نے پولس کو بتایا کہ وہ پیر کے روز صبح 10 بجے جیسے ہی منڈی ہاؤس کے پاس پہنچی، اسکوٹر پر سوار کچھ لوگ ان کی کار کے پاس آئے اور کہا کہ کار سے تیل جیسا کچھ نکل رہا ہے۔ وجیندر گپتا کی بیوی نے بتایا کہ جیسے ہی وہ ڈرائیور کے ساتھ کار سے باہر نکلی، اسکوٹر پر سوار بدمعاش ان کی کار میں رکھا سامان لے کر فرار ہو گئے۔
دہلی میں بی جے پی رکن اسمبلی کی بیوی سے دن دہاڑے لوٹ کی واردات سے ہر کوئی حیران ہے۔ وہیں وجیندر گپتا کی بیوی نے پولس میں معاملے کی شکایت درج کرا دی ہے۔ پولس نے کیس درج کر لیا ہے اور معاملے کی جانچ بھی شروع ہو گئی ہے۔ پولس کا کہنا ہے کہ یہ ان لوگوں کا کام ہے جو لوگوں کا دھیان بھٹکانے کے بعد ان کا سامان لوٹ لیتے ہیں۔
بی جے پی رکن اسمبلی کی بیوی سے لوٹ پاٹ کا واقعہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب عام آدمی پارٹی دہلی میں نظام قانون پر سوالیہ نشان لگا رہی ہے۔ راجیہ سبھا میں بھی عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے نظام قانون کے ایشو کو اٹھایا۔ دوسری طرف دہلی حکومت جرائم پیشوں پر لگام لگانے کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے بھی شہر میں لگوا رہی ہے لیکن فی الحال اس کا کوئی مثبت نتیجہ نکلتا ہوا نظر نہیں آ رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 25 Jun 2019, 11:10 AM