شروعاتی رجحانات میں بی جے پی کو زبردست جھٹکا، عآپ کی بادشاہت برقرار!

اسمبلی کی 70سیٹوں کے لئے منگل کی صبح آٹھ بجے 21مراکز پر ووٹوں کی گنتی شروع ہوئی۔ شروعاتی رجحان میں 70اسمبلی سیٹوں میں سے عام آدمی پارٹی 53 سیٹ پر آگے ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: دہلی اسمبلی کی 70سیٹوں کے شروعاتی رجحانات میں عام آدمی پارٹی نے سبقت حاصل کررکھی ہے۔ اس کے ساتھ ہی راوز ایونیو میں واقع عام آدمی پارٹی ہیڈکوارٹر پر حامیوں کی بھیڑ جمع ہونی شروع ہوگئی ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کافی پیچھے چل رہی ہے اور جس طرح سے دہلی بی جے پی صدر منوج تیواری نے 48 سیٹ حاصل کرنے کا دعویٰ کیا تھا، وہ پوری طرح غلط معلوم پڑ رہا ہے۔ جو بھی رجحان اب تک سامنے آئے ہیں اس کے مطابق بی جے پی کے لیے نتیجہ ایک زبردست جھٹکا ہے۔

اسمبلی کی 70سیٹوں کے لئے منگل کی صبح آٹھ بجے 21مراکز پر ووٹوں کی گنتی شروع ہوئی۔ شروعاتی رجحان میں 70سے اسمبلی سیٹوں میں سے عام آدمی پارٹی 53 سیٹ پر آگے ہے۔ بی جے پی 16اور کانگریس ایک سیٹ پر آگے ہے۔ وزیراعلی اروند کیجریوال نئی دہلی سیٹ سے آگے چل رہے ہیں۔ نائب وزیراعلی منیش سسودیا نے پٹپڑ گنج سے شروعاتی سبقت حاصل کی ہے۔ شاہدرہ سے اسمبلی اسپیکر رام نواس گوئل آگے ہیں۔


دوسری طرف اسمبلی میں اپوزیشن کے لیڈر وجیندر گپتا نے روہنی سے شروعاتی سبقت بنا لی ہے۔ شکور بستی سے وزیر صحت ستیندر جین بھی آگے ہیں۔ گریٹر کیلاش سے عام آدمی پارٹی کے سوربھ بھاردواج سبقت بنائے ہوئے ہیں۔ وشواس نگر سے بی جے پی کے اوم پرکاش شرما آگے ہیں۔ مالویہ نگر سے عام آدمی پارٹی کے سومناتھ بھارتی نے شروعاتی سبقت بنائی ہے۔ سنگم وہار سے پونم آزاد پیچھے چل رہی ہیں۔ راجندر نگر سے عام آدمی پارٹی کے راگھو چڈا آگے ہیں۔ اوکھلا سے امانت اللہ خان آگے ہیں۔ ہری نگر سے بی جے پی کے تیجندر پال سنگھ بگا آگے ہیں۔

جہاں تک کانگریس کا سوال ہے، اس الیکشن میں وہ کچھ اچھا کرتی ہوئی نظر نہیں آ رہی ہے۔ کانگریس کے ہارون یوسف بلیماران سے ضرور آگے ہیں، لیکن یہاں مقابلہ کافی سخت دکھائی پڑ رہا ہے۔ چاندنی چوک سے الکا لامبا پیچھے چل رہی ہیں۔ اوکھلا سے کانگریس امیدوار پرویز ہاشمی تیسرے نمبر پر چل رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔