دہلی کی ہوا کا معیار کچھ بہتر لیکن صورت حال بدستور تشویش ناک
دہلی کی ہوا کا معیار کچھ بہتر تو ضرور ہوا ہے لیکن صورت حال بدستور تشویش ناک بنی ہوئی ہے۔
نئی دہلی: قومی راجدھانی میں جمعہ کی صبح ہوا کا معیار انتہائی خراب سطح تک پہنچ گیا اور 11 بجے تک یہاں اوسط ہوا کامعیار انڈیکس (اے کیو آئی) 427 تک پہنچ گیا ہے۔
دہلی میں گزشتہ چار سالوں سے اکتوبر کے آخری ہفتہ اور نومبر کی شروعات میں دہلی کی ہوا کا معیار خراب ہو جاتا ہے۔ ایسی دوران ہندوستان بھر میں دیوالی کا تہوار بھی منایا جاتا ہے جس کی وجہ سے آلودگی میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے۔ اس سال بھی ایسا ہی ہوا اور دہلی کے کئی علاقوں میں اے کیو آئی 500 سے تجاوز کر گیا۔ دہلی کی ہوا کا معیار کچھ بہتر تو ضرور ہوا ہے لیکن صورت حال بدستور تشویش ناک بنی ہوئی ہے۔
گزشتہ سال ڈبلیو ایچ او نے ہوا کے معیار کے تعلق سے دنیا کے آلودہ ترین 20 شہروں کی فہرست جاری کی تھی اور ان 20 شہروں میں 13 شمالی ہندوستان میں واقع ہیں۔
سینٹرل پولیوشن کنٹرول بورڈ کے مطابق صبح یہاں دھند تھی اور نمی کی سطح 86 فیصد ریکارڈ ہوئی، جس کے نتیجے میں آلودگی کی روک تھام کے اقدامات میں مشکلات پیش آئیں۔ میونسپل کارپوریشن کے ملازمین کو صبح کے شہر کے کچھ جگہوں پر ہوا کے معیار میں بہتری کے لئے پانی کا چھڑکا ؤکرتے ہوئے دیکھا گیا۔ یہاں کچھ علاقوں میں ہوا کا معیار انتہائی خراب تھا اور یہاں تک کہ اے کیو آئی 500 کے قریب پہنچ گیا۔
آلودہ ہوا کی وجہ سے، لوگوں نے آنکھوں میں جلن، سانس لینے میں دشواری، اور ہلکا چکر آنے کی شکایت کی۔ آسمان میں دھند کی موٹی پرتیں دیکھی گئیں۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ یہاں پر ہلکی سردی محسوس ہوئی اور کم از کم درجہ حرارت 11 ڈگری سیلسیس تھا جو اوسطا درجہ حرارت سے نیچے تین ڈگری سیلسیس تھا۔ جمعہ کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27 ڈگری سیلسیس رہنے کا اندازہ ہے۔
(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔