دہلی: 2020 میں 41 پولیس اہلکار کی سڑک حادثات میں ہوئی موت، اور 2021 میں...

جاری ایک سرکلر کے مطابق قومی راجدھانی دہلی میں 2020 میں 41 پولیس اہلکار کی جان سڑک حادثات میں گئی تھی، جب کہ 2021 میں اب تک 14 پولیس اہلکار سڑک حادثات کے سبب دنیا چھوڑ چکے ہیں۔

علامتی تصویر، قومی آواز / وپن
علامتی تصویر، قومی آواز / وپن
user

تنویر

دہلی ٹریفک پولیس کے اسپیشل کمشنر مکتیش چندر کی جانب سے جمعہ کو ایک سرکلر جاری کیا گیا جس میں سبھی پولیس اہلکاروں کو ٹریفک ضابطوں پر عمل کرنے کی تنبیہ دی گئی۔ اس سرکلر کے مطابق قومی راجدھانی دہلی میں 2020 میں 41 پولیس اہلکار کی جان سڑک حادثات میں گئی تھی، جب کہ 2021 میں اب تک 14 پولیس اہلکار سڑک حادثات کے سبب دنیا چھوڑ چکے ہیں۔

دہلی ٹریفک پولیس کے اسپیشل کمشنر مکتیش چندر کی طرف سے جاری کردہ سکلر کے مطابق دہلی پولیس کے اہلکاروں کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دیکھا جا رہا ہے۔ اب اگر کوئی بھی پولیس اہلکار ٹریفک ضابطوں کا مذاق اڑاتا پایا جاتا ہے تو ٹریفک پولیس کے ذریعہ کی جانے والی کارروائی تو برداشت کرنی ہی ہوگی، ساتھ ہی ایسا کرنے والے پولیس اہلکاروں کو محکمہ جاتی کارروائی کے لیے بھی تیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔


جاری سرکلر میں بتایا گیا ہے کہ ٹو وہیلر پر ہیلمٹ نہیں لگانا، تین لوگوں کی سواری کرنا، کار چلاتے وقت سیٹ بیلٹ نہ باندھنا، ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون پر بات کرنا، مخدوش نمبر پلیٹ جیسے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کو کئی بار دیکھا جاتا ہے اور عوام ایسے پولیس اہلکاروں کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر بھی کرتی ہے، جو پولیس کی پوری ٹیم کو شرمسار کرنے والا عمل ہے۔ دہلی پولیس کمشنر کی طرف سے سخت ہدایت دی گئی ہے کہ سبھی پولیس اہلکار ٹریفک قوانین پر عمل کریں، اگر ایسا نہیں ہوا تو سخت کارروائی کی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔