دہرادون: کانگریس نے طبی ملازمین کے حق میں اٹھائی آواز، چیف سکریٹری کو سونپا مکتوب

ریاستی صدر نے کہا کہ ریاست میں پہلے سے بیروزگاری کے اعداد و شمار بہت بڑھ چکے ہیں۔ اب ان ملازمین کو روزگار سے ہٹا کر اس اعداد و شمار میں مزید اضافہ کیا جا رہا ہے جو کہ نہ تو منطقی ہے اور نہ ہی منصفانہ۔

اتراکھنڈ کانگریس کے صدر پریتم سنگھ (فائل تصویر) / بشکریہ ٹوئٹر
اتراکھنڈ کانگریس کے صدر پریتم سنگھ (فائل تصویر) / بشکریہ ٹوئٹر
user

یو این آئی

دہرادون: اتراکھنڈ کانگریس صدر پریتم سنگھ کی قیادت میں ایک وفد نے عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ-19) کے دوران اپنل اور پی آر ڈی کے ذریعہ گورنمنٹ دون میڈیکل کالج اور اسپتال دہرادون سمیت دیگر طبی اداروں میں کام کرنے والے آوٹ سورسنگ ہیلتھ ورکرس کے مسائل پر چیف سکریٹری اوم پرکاش کو ایک میمورنڈم سونپا ہے۔

پریتم سنگھ نے کہا کہ تمام تربیت یافتہ ملازم کورونا وبا کے دوران بغیر اپنی اور اپنے خاندان کی صحت کی پرواہ کیے بغیر مسلسل اپنی خدمات دیتے رہے ہیں اور اپنے عہدوں کے مطابق تربیت یافتہ ہیں۔ ریاستی حکومت کے ذریعہ آوٹ سورس کے ذریعہ مختلف محکموں میں کام کرنے والے ملازمین کو مستقل بنائے رکھنے کا بھی ماضی میں فیصلہ کیا گیا ہے جس کے برعکس ان ملازمین کو ہٹایا جانا منطقی نہیں ہے۔


انہوں نے کہا مذکورہ تمام ملازم غریب خاندانوں سے تعلق رکھتے ہیں اور طویل وقت سے اپنی خدمات پوری ایمانداری سے محکمہ کو دیتے آئے ہیں۔ اس طرح سروس سے ہٹائے جانے سے ان کے خاندانوں کے سامنے روزی روٹی کا بحران پیدا ہو جائے گا۔ کانگریس ریاستی صدر نے کہا کہ ریاست میں پہلے سے بیروزگاری کے اعداد و شمار بہت بڑھ چکے ہیں۔ اب ان ملازمین کو روزگار سے ہٹا کر اس اعداد و شمار میں مزید اضافہ کیا جا رہا ہے جو کہ نہ تو منطقی ہے اور نہ ہی منصفانہ۔

انہوں نے کورونا کے دوران آوٹ سورسنگ (اپنل/پی آرڈی) کے ذریعہ سرکاری دون میڈیکل کالج اور اسپتال دہرادون سمیت دیگر طبی اداروں میں کام کرنے کرنے والے سبھی ملازمین کی تقرری جاری رکھنے کا مطالبہ کیا۔ وفد میں سابق ایم ایل اے راج کمار، مہانگر صدر لال چند شرما، ریاستی سکریٹری سیتارام نوٹیال، گریش پنیڑا، نوین سنگھ پایل وغیرہ شامل تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 28 Feb 2021, 9:39 PM