'چاند کو ہندو سناتن راشٹر، شیو شکتی پوائنٹ کو اس کی راجدھانی قرار دیں!' سوامی چکرپانی کا مودی سے مطالبہ

سوامی چکرپانی نے کہا ’’وزیر اعظم نریندر مودی نے اس جگہ کو شیو شکتی پوائنٹ قرار دیا ہے جہاں چندریان-3 اترا تھا۔ چاند کو ہندو سناتن راشٹر اور 'شیو شکتی پوائنٹ' کو اس کی راجدھانی قرار دیا جائے‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: چندریان 3 کی کامیاب لینڈنگ کے بعد ملک بھر میں جشن کا ماحول ہے۔ اس کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جس جگہ پر چندریان 3 اترا ہے اسے شیو شکتی پوائنٹ کے نام سے جانا جائے گا۔ اب آل انڈیا ہندو مہاسبھا/سنت مہاسبھا کے قومی صدر سوامی چکرپانی کا بیان سامنے آیا ہے۔

سوامی چکرپانی مہاراج نے کہا کہ چاند کو پارلیمنٹ میں ہندو سناتن راشٹر قرار دیا جانا چاہیے۔ اس کے ساتھ ساتھ چندریان-3 کے لینڈنگ کی جگہ 'شیو شکتی پوائنٹ' کو اس کی راجدھانی کے طور پر تیار کیا جائے، تاکہ ’جہادی ذہنیت کا حامل‘ کوئی ’دہشت گرد‘ وہاں نہ پہنچ سکے۔


سوامی چکرپانی نے کہا ’’میں وزیر اعظم نریندر مودی کا بہت شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے چاند پر چندریان-3 کے لینڈنگ کی جگہ کو 'شیو شکتی پوائنٹ' کا نام دیا اور اس کا اعلان کیا لیکن ساتھ ہی میں یہ بھی چاہتا ہوں کہ اس سے پہلے کہ کسی دوسرے نظریے کے لوگ اور دوسرے ممالک کے لوگ وہاں جا کر غزوہ ہند کا اعلان کرے، پارلیمنٹ سے قرارداد پاس کر کے چاند کو ہندو راشٹر قرار دیا جائے اور 'شیو شکتی پوائنٹ' کو وہاں کی راجدھانی بنایا جائے۔

چکرپانی نے کہا کہ ہندو سناتنیوں کا چندا ماما سے پرانا رشتہ ہے۔ ہمارے صحیفوں میں چاند کے حوالے سے بہت سے حوالہ جات موجود ہیں۔ میں چاہتا ہوں کہ چاند کی پاکیزگی اور تقدس قائم رہے، اس لیے ایک قرارداد منظور کر کے چاند کو ہندو سناتن راشٹر قرار دیا جائے!

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔