دہلی: کورونا کے بڑھتے معاملوں کے پیش نظر بینکوئٹ ہال اور اسٹیڈیم کو اسپتال بنانے کا فیصلہ

دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے سبھی ضلع مجسٹریٹ سے بینکوئٹ ہال اور اسٹیڈیم کی فہرست مانگی گئی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ ضرورت پڑنے پر کورونا مریضوں کے لیے کتنے بستر کا انتظام ہو سکتا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

دہلی میں کورونا انفیکشن کے معاملے لگاتار بڑھ رہے ہیں اور اموات کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ حالات پر قابو پانے کے لیے کیجریوال حکومت اور دہلی انتظامیہ لگاتار سخت اقدام بھی اٹھا رہی ہے لیکن پھر بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اب فیصلہ لیا گیا ہے کہ دہلی کے سبھی بینکوئٹ ہال اور اسٹیڈیم کو کورونا اسپتال میں تبدیل کیا جائے گا تاکہ آنے والے دنوں میں مریضوں کے علاج میں کسی طرح کی دقت پیش نہ آئے۔

دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے) نے اس سلسلے میں سبھی ضلع مجسٹریٹ سے بینکوئٹ ہال اور اسٹیڈیم کی فہرست مانگی گئی ہے۔ ڈی ڈی ایم اے نے دہلی میں لاشوں کو سپرد آتش کرنے کے لیے زیادہ مقامات کی ضرورت کا بھی تذکرہ کیا ہے۔ ڈی ڈی ایم اے کے ایڈیشنل سی ای او راجیش گویل نے راجدھانی میں کورونا مریضوں کی بڑھتی تعداد کو دیکھتے ہوئے سبھی ضلع مجسٹریٹ کو پیر کے روز باضابطہ ایک خط لکھا ہے جس میں کہا ہے کہ انڈور ائیر کنڈیشنڈ لوکیشن کی تلاش کریں جو ملٹی پرپس ہال اور بینکوئٹ ہال ہو سکتے ہیں۔ بڑے انڈور اسٹیڈیم بھی اس کام کے لیے مناسب ہیں۔


راجیش گویل نے کہا کہ ایک فہرست تیار کر کے بھیجی جائے جس سے یہ پتہ چل سکے گا کہ کتنے بستر کورونا مریضوں کے لیے لگائے جا سکتے ہیں۔ سبھی ضلع مجسٹریٹ سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ ان کے ضلع میں رہائشی کالونی سے دور کتنے ایسے مقامات ہیں جہاں لاشوں کو سپرد آتش کیا جا سکتا ہے اور کتنے قبرستانیں ہیں، اس کی تفصیل پیش کریں۔ سبھی ضلع مجسٹریٹ کو یہ تفصیلات 3 جون کی دوپہر 4 بجے تک ڈی ڈی ایم اے کو بھیجنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 02 Jun 2020, 2:11 PM