گجرات: کانگریس کی ’آزادی گورو یاترا‘ نے گاندھی نگر کی طرف بڑھایا قدم

تقریباً 1200 کلومیٹر طویل ’آزادی گورو یاترا‘ پہلے دس دنوں میں گجرات کے پانچ اضلاع میں پہنچے گی اور یکم جون کو نئی دہلی میں مہاتما گاندھی کی یادگار راج گھاٹ پر ختم ہوگی۔

تصویر ٹوئٹر @INCIndia
تصویر ٹوئٹر @INCIndia
user

قومی آواز بیورو

کانگریس نے آزادی کے 75 سال مکمل ہونے پر گجرات واقع گاندھی آشرم سے بدھ کو ’آزادی گورو یاترا‘ کی شروعات کی۔ اس یاترا کا آج دوسرا دن ہے، جو زنڈل گاؤں کے ہنومان مندر سے شروع ہوئی۔ کانگریس کی یہ پدیاترا اب گجرات کی راجدھانی گاندھی نگر کی طرف بڑھ رہی ہے۔

واضح رہے کہ یہ یاترا تقریباً 1200 کلومیٹر پر مشتمل ہے۔ کانگریس کی ’آزادی گورو یاترا‘ جو گجرات کے سابرمتی آشرم کی پاک زمین سے شروع کی گئی ہے، آزادی گورو یاترا پہلے دس دنوں میں گجرات کے پانچ اضلاع میں پہنچے گی اور یکم جون کو نئی دہلی میں مہاتما گاندھی کی یادگار راج گھاٹ پر ختم ہوگی۔ اس یاترا میں جنگ آزادی اور 1947 کے بعد ملک کی ترقی میں پارٹی کے کردار کو نشان زد کیا جائے گا۔ یاترا میں 1000 سے زائد تربیت یافتہ سویم سیوک شامل ہوں گے۔


کانگریس کے ایک لیڈر نے بتایا کہ پارٹی صدر سونیا گاندھی اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے یاترا منعقد کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ ہماری نئی نسل کو برطانوی حکومت سے آزادی حاصل کرنے میں ہمارے لیڈروں کے ذریعہ دی گئی قربانیوں سے مطلع کرایا جا سکے۔ یاترا کے چیف آرگنائزر لال جی دیسائی نے کہا کہ ’آزادی گورو یاترا‘ کے دوران گجرات کے پانچ اضلاع میں اخباروں کے ذریعہ آزادی میں کانگریس پارٹی کے کردار کو پیش کیا جائے گا۔ آزادی کے بعد سے کانگریس پارٹی کے تعاون کی بھی جھلک ملے گی۔ یاترا میں ثقافتی پروگرام ہوں گے جس میں مقامی فنکاروں کے ذریعہ روایتی پروگرام بھی پیش کیے جائیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔