بہن کے گھر ’بریانی‘ کا مزہ لیتے ہوئے داؤد کا بھائی اقبال گرفتار
ممبئی: انڈر ورلڈ سرغنہ داؤد ابراہیم کے رئیل اسٹیٹ بزنس کی دیکھ ریکھ کرنے والا ان کا بھائی اقبال کاسکر سوموار کی شب تھانے پولس نے گرفتار کیا اور آج اس کی عدالت میں پیشی بھی ہوئی۔ عدالت نے کاسکر کے علاوہ دو دیگر گرفتار لوگوں کو 8 دنوں کی پولس ریمانڈ پر بھیج دیا ہے۔ تھانے کرائم برانچ نے آج اس سلسلے میں انکشاف کیا کہ اقبال کاسکر ممبئی، تھانے اور واشی کے بلڈروں و جویلروں سے جبراً پیسے ہی نہیں وصول کرتا تھا بلکہ بلڈر سے فلیٹ کا بھی مطالبہ کیا کرتا تھا۔
ذرائع کے مطابق سوموار کی شام اقبال کاسکر اپنی بہن حسینہ پارکر کے گھر پر تھا اور وہاں بریانی کے مزے لے رہا تھا جب مقامی پولس اچانک اسے گرفتار کرنے پہنچ گئی۔ ان کے ساتھ حسینہ پارکر کے قریبی رشتہ دار اقبال پارکر اور ڈرگ ڈیلر یٰسین خواجہ حسین کو بھی گرفتار کیا گیا۔ ان پر ایک بلڈر کو دھمکی دینے اور ہفتہ وصولی کا الزام عائد ہے، اس لیے ان کی گرفتاری انسداد ہفتہ وصولی دستہ (اے ای سی) کے ذریعہ ہوئی۔ ناگپاڑہ سے گرفتار کیے گئے کاسکر سے پولس نے کل دیر رات تک پوچھ تاچھ کی اور اس کے بعد باضابطہ انھیں گرفتار کیا گیا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق جس وقت کاسکر کو گرفتار کیا گیا وہ ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ دیکھتے ہوئے بریانی کے مزے لے رہا تھا۔‘
تھانے کرائم برانچ کے کمشنر آف پولس پرمبیر سنگھ نے آج اس سلسلے میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ’’کاسکر پر الزام ہے کہ اس نے 2013 میں ایک معروف بلڈر سے داؤد کا نام لے کر 30 لاکھ روپے اور چار فلیٹ لیے تھے۔‘‘ انھوں نے کہا کہ ’’ہمیں کچھ دنوں سے داؤد گینگ کی سرگرمی کی خبریں موصول ہو رہی تھیں۔ ہمیں ان لوگوں کے بارے میں پتہ چلا جنھیں دھمکی دی گئی تھی۔‘‘ انھوں نے مزید بتایا کہ ’’کاسکر اپنی بہن حسینہ پارکر کے گھر پر تھا، وہیں سے حسینہ پارکر کے دیور کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر تین لوگ سوموار کی رات گرفتار کیے گئے۔‘‘
ایک نامہ نگار نے جب ان سے یہ سوال کیا کہ وصولی کا پیسہ فلم کے کاروبار میں لگایا گیا یا نہیں، توپرمبیر سنگھ نے کہا کہ ’’اس کے بارے میں فی الحال کچھ کہنا ممکن نہیں ہے، جانچ کے بعد ہی پتہ چل پائے گا۔ لیکن وصولی کا پیسہ فلمی کاروبار میں لگتا رہا ہےلہٰذا اس کے امکانات سے انکار بھی نہیں کیا جا سکتا۔‘‘
اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمال کریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔