سی بی آئی طے کرے گی پولس کمشنر سے پوچھ گچھ کا وقت
مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے بدھ کو کہا کہ شاردا چٹ فنڈ گھوٹالے میں کولکاتا کے پولس کمشنر راجیو کمار سے پوچھ گچھ کی تاریخ اور وقت وہی طے کرے گی۔
کولکاتا: مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے بدھ کو کہا کہ شاردا چٹ فنڈ گھوٹالے میں کولکاتا کے پولس کمشنر راجیو کمار سے پوچھ گچھ کی تاریخ اور وقت وہی طے کرے گی۔
مذکورہ معاملہ پر سپریم کورٹ کی دی گئی ہدایات کے بعد سی بی آئی کا یہ موقف سامنے آیا ہے۔ منگل کو سپریم کورٹ نے شاردا چٹ فنڈ گھوٹالے میں کولکاتا پولس کمشنر کو ہدایت دی تھی کہ وہ شاردا چٹ فنڈ گھوٹالے میں پوچھ گچھ کے لئے سی بی آئی کو تعاون کریں۔ سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ راجیو کمار سی بی آئی کی پوچھ گچھ کے لئے دستیاب ہوں۔
اس کے بعد راجیو کمار نے سی بی آئی ڈائرکٹر رشی کمار شکلا کو پیغام بھیج کر کہا کہ وہ 8 فروری کو پوچھ گچھ کے لئے تیار ہیں۔ سی بی آئی کے جوائنٹ ڈائرکٹر پنکج شریواستو نے بدھ کو کہا کہ راجیو کمار سے پوچھ گچھ کی تاریخ اور وقت جانچ ایجنسی طے کرے گی۔
ایک مقامی چینل نے سی بی آئی افسر کے حوالہ سے کہا کہ سی بی آئی اب سپریم کورٹ کے احکامات کا جائزہ لے رہی ہے۔ اس کے بعد ہی کولکاتا پولس کمشنر سے پوچھ گچھ کی تاریخ اور وقت طے کیا جائے گا۔
سی بی آئی ٹیم اتوار شام کولکاتا پولس کمشنر سے پوچھ گچھ کے لئے ان کی رہائش گاہ پر گئی تھی. یہ الزام ہے کہ سی بی آئی ٹیم کو پولس کمشنر کی رہائش گاہ کے قریب روک دیا گیا اور شیکسپیئر سرانی تھانے لے جایا گیا۔ سی بی آئی ٹیم کو تھانے میں کچھ گھنٹوں تک رکھا گیا۔ سی بی آئی کی کارروائی کے خلاف اتوار کی شب مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے پولس کمشنر کی رہائش گاہ پر پہنچ کر دھرنا دینا شروع کر دیا۔
سپریم کورٹ کے احکامات کا اسٹڈی کرنے کے بعد سی بی آئی راجیو کمار سے جلد سے جلد پوچھ گچھ کرنا چاہتی ہے۔ سی بی آئی نے فرضی کمپنیوں کی مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کرنے والے ڈپٹی پولس سپرنٹنڈنٹ تتھاگت برمن کی قیادت میں پانچ رکنی ٹیم تشکیل دی ہے۔ یہ فرضی کمپنی دور دراز ادیہی علاقوں میں ہزاروں لوگوں کو اچھے منافع کی لالچ دے کر ان کے کروڑوں روپے اینٹھنے کام کر رہی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔