’اسلامی علوم و فنون کی نشر و اشاعت میں دارالعلوم کلیدی کردار ادا کر رہا‘، ایرانی وفد میں شامل پروفیسر مبلغی کا اظہارِ خیال
پروفیسر احمد مبلغی کا کہنا ہے کہ دارالعلوم دیوبند کی نادر نایاب تاریخی عمارتوں سے بانیان دیوبند کے اخلاص و للہیت نمایاں طور پر نظر آ رہی ہے۔
دیوبند: اسلامی جمہوریہ ایران کی معروف دانش گاہ آدیان یونیورسٹی (قُم) سے تعلق رکھنے والے علماء و محققین کے 13 رکنی وفد نے گزشتہ روز عالمی شہرت یافتہ دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند پہنچ کر ادارہ کے مہمان خانہ میں ادارہ کے مہتمم و شیخ الحدیث مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی اور جمعیۃ علماء ہند کے صدر و صدر المدرسین مولانا سید ارشد مدنی سے ملاقات کی۔ یہاں ان کا روایتی استقبال کیا گیا اور اسلامی علوم و فنون کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو کی۔
اس دوران مہمانوں کو دارالعلوم دیوبند کی زریں خدمات اور تاریخ مفصل انداز میں بتائی گئی۔ بعد ازیں ذمہ داران نے مہمانان عظام کو دارالعلوم دیوبند کے نادر و نایاب کتب خانہ، تاریخی درسگاہ نودرہ، پرشکوہ دارالحدیث، مسجد رشید اور شیخ الہند لائبریری کی زیارت کرائی۔ اس موقع پر آدیان یونیورسٹی ایران کے وائس چانسلر ابوالحسن نواب اور پروفیسرحسن نوریٰ نے دارالعلوم دیوبند کی قدیم اور تاریخی عمارات کو دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔
وفد میں شامل پروفیسر احمد مبلغی نے کہا کہ دارالعلوم دیوبند مذہب اسلام کی ترویج و اشاعت بالخصوص اسلامی علوم و فنون کی نشر و اشاعت میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے اور بزرگان دیوبند کاعلمی فیضان پوری دنیا میں پھیل رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دارالعلوم دیوبند کی نادر نایاب تاریخی عمارتوں سے بانیان دیوبند کے اخلاص و للہیت نمایاں طور پر نظر آ رہی ہے۔
نئی دہلی میں واقع ایرانی کلچرل ہاؤس کے کونسلر ڈاکٹر فریدالدین فرید عصر اور سید صادق حسینی نے مہمانوں کی ترجمانی کے فرائض انجام دیئے۔ اس دوران مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی اور مولانا سید ارشد مدنی نے مہمانوں سے علوم و فنون اور عالمی حالات پر تفصیلی گفتگو کی۔ ہندوستان میں واقع ایرانی سفارت خانہ کے ترجمان سید صادق حسینی نے بتایا کہ دارالعلوم دیوبند سے ایرانی علما کا وفد نہایت مطمئن واپس آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی اور صدرالمدرسین مولانا سید ارشد مدنی نے ایرانی علماء کا دارالعلوم پہنچنے پر پُرتپاک خیر مقدم کیا، کافی دیر مذاکرات کا باہم سلسلہ جاری رہا، اس دوران ہم نے ایران کی طرف سے مولانا سید ارشد مدنی کو خیرسگالی دورہ پر ایران تشریف لانے کی دعوت دی۔ سید صادق نے کہا کہ ملی وحدت کے لئے اس قسم کے مبنی بر تفہیم مذاکرے اور ملاقاتیں ضروری ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔