اومیکرون کا خطرہ: دہلی ایئرپورٹ پر لوگوں کا ہجوم، ہوابازی کے وزیر سندھیا نے کی مداخلت

شہری ہوابازی کے وزیر جیوتیرادتیہ سندھیا نے دہلی ایئرپورٹ آپریٹر ’ڈائل‘ کو نئی سفری ہدایات کے نفاذ کے بعد ٹرمینل پر بدانتظامی کو ختم کرنے کی ہدایت دی ہے

تصویر ٹوئٹر
تصویر ٹوئٹر
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: دہلی ایئرپورٹ پر لوگوں کے ہجوم کی تصویریں منظر عام پر آنے کے بعد شہری ہوابازی کے وزیر جیوتیرادیہ سندھیا نے ایئرپورٹ آپریٹر ڈائل کو بدانتظامی ختم کرنے کی ہدایت دی۔ ’این ڈی ٹی وی‘ کی رپورٹ کے مطابق کورونا کے نئے ویریٹ اومیکرون کے حوالہ سے جانچ اور اسکریننگ کے نئے ضوابط نافذ ہونے کے بعد ایئرپورٹ پر ہجوم بڑھ گیا ہے۔ تصاویر میں ماسک پہنے فضائی مسافروں کو کورونا ٹیسٹ کرانے اور اس کی رپورٹ حاصل کرنے کے لئے گھنٹوں انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔ مسافروں کو 6 سے 8 گھنٹے ایئرپورٹ پر گزارنا پڑ رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق شہری ہوابازی کے وزیر جیوتیرادیہ سندھیا نے دہلی ایئرپورٹ پر ہجوم کی شکایت کے بعد پیر کے روز ایئرپورٹ پر انتظامات بہتر کرنے کی ہدایت دی۔ خیال رہے کہ کورونا وائرس کے اومیکرون ویرینٹ کے خطرے کے پیش نظر مرکزی حکومت نے دوسرے ممالک سے آنے والے مسافروں کے لئے ترمیم شدہ رہنما ہدایات جاری کی تھیں ان کا اطلاق یکم دسمبر سے ہو گیا تھا۔


مرکزی وزیر نے ایئرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا، ایمیگریشن بیورو اور جی ایم آر گروپ کی قیادت والی دہلی انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ کے افسران کے ساتھ میٹنگ کی۔ دہلی ایئرپورٹ پر آر ٹی پی سی آر جانچ کرنے والی واحد لیباریٹری جین اسٹرنگس ڈاگیناسٹکس کے افسران بھی میٹنگ میں شامل تھے۔

ڈائل کا کہنا ہے کہ خطرے والے ممالک سے آنے واہے مسافروں کے لئے 20 خصوصی کاؤنٹر قائم کئے گئے ہیں۔ لازمی کورونا ٹیسٹ کے بارے میں پری بکنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔ مرکزی وزارت صحت کی 30 نومبر کو جاری رہنما ہدایات کے مطابق خطرے والے ممالک سے آنے والے تمام مسافروں کو لازمی آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ سے گزرنا ہوگا۔

دوسرے ممالک سے آنے والے 2 فیصد مسافروں کو بھی فوری طور پر جانچ کرانی ہوگی۔ رہنما ہدایات کے مطابق مسافروں کو ایئرپورٹ سے نکلنے یا آگے کی پرواز لینے سے پہلے نتائج کا انتظار کرنا ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔