گجرات میں گھوڑا رکھنے پر دلت کا قتل
پردیپ راٹھور جب دیر رات تک کھیت سے واپس نہیں آیا تواس کو تلاش کرنے کے لئے لوگ ادھر ادھر نکلے۔ گھر والوں کے اس وقت ہوش اڑ گئے جب انہیں کھیت پر جانے والی سڑک پر پردیپ کی لاش ملی۔
گجرات کے بھاؤ نگر ضلع میں کچھ اعلیٰ ذات کے لوگوں نے گھوڑا رکھنے اور گھڑ سواری کرنے پر ایک دلت کا قتل کر دیا۔ یہ اطلاع پولس نے دی ہے۔ علاقہ کے لوگوں کا دعوی ٰہے کہ عمرالہ تحصیل کے ٹمبی گاؤ ں میں اس واقعہ کے بعد تناؤ ہے۔ پولس نے بتایا کہ پاس کے گاؤں سے تین مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور آگے کی جانچ کے لئے بھاؤ نگر کرائم برانچ سے مدد طلب کی ہے۔
اطلاعات کے مطابق21 سالہ پردیپ راٹھور نے دو ماہ قبل ایک گھوڑا خریدا تھا اور تب سے اس کے گاؤں والے اسے دھمکیاں دے رہے تھے۔ اس کاجمعرات کو قتل کر دیا گیا ۔ پردیپ کے والد کالو بھائی راٹھور نے کہا ہے کہ پردیپ دھمکی ملنے کے بعد گھوڑے کو بیچنا چاہتا تھا لیکن انہوں نے اسے ایسا نہ کرنے کے لئے سمجھایا۔
کالوبھائی نے پولس کو بتایا’’ پردیپ جمعرات کو کھیت پریہ کہہ کر گیا تھا کہ وہ واپس آ کر ساتھ میں کھانا کھائے گا لیکن جب دیر تک نہیں آیا تو ہمیں فکر ہوئی اور اسے تلاش کرنے کے لئے ہم باہر نکلے۔ ہمیں اس کی لاش کھیت کی جانب جانے والی سڑک پر ملی اور تھوڑے فاصلے پر اس کے گھوڑے کی بھی لاش پڑی تھی۔
پردیپ دسویں کا امتحان پاس کرنے کے بعد اپنے والد کی کھیتی میں مدد کرتا تھا۔ ذرائع کے مطابق ریاستی پولس نے ایف آئی آر درج کرنے کے بعد علاقہ میں پولس افسران کی ٹیم تعینات کر دی ہے ۔ اس گاؤں کی کل آبادی تین ہزار ہے اور اس میں سے دلتوں کی آبادی لگ بھگ دس فیصد ہے۔ پردیپ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھاؤنگر سیول اسپتال بھیج دی گئی ہے لیکن اس کے رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ جب تک مجرموں کی گرفتاری نہیں ہو جاتی تب تک لاش نہیں لیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 31 Mar 2018, 10:13 AM