یوگی نے دلت ایم پی کو ڈانٹ کر بھگایا، مودی سے شکایت
بی جے پی کے دلت رکن پارلیمنٹ نے وزیر اعظم نریندر مودی سے شکایت کی ہے کہ اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے انہیں بے عزت کیا اور ڈانٹ کر بھگا دیا، اب وہ کہاں جائیں!
اتر پردیش کے رابرٹس گنج علاقہ سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ چھوٹے لال کھروار نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی شکایت کی ہے۔ خط میں انہوں نے گہار لگائی ہے کہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے پاس جب وہ اپنی پریشانی لے کر پہنچے تو انہوں نے ڈانٹ کر بھگا دیا۔ 45 سالہ رکن پارلیمنٹ نے لکھا ہے کہ انہوں نے یوگی آدتیہ ناتھ سے دو بار ملاقات کی ، لیکن انہوں نے مدد کی بجائے بے عزت کیا۔
بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ انہوں نے سماجوادی کے ’غنڈہ راج ‘ میں اپنے بھائی جواہر کھروار کو چندولی ضلع کے نوگڑھ بلاک سے پرمکھ عہدے پر بی جے پی امیدوار کے طور پر جیت دلوائی تھی لیکن جب صوبے میں بی جے پی کی حکومت آئی تو پارٹی کے ایک رہنما نے ہی بھائی کو سازشاً بلاک پرمکھ عہدے سے ہٹوا دیا۔
چھوٹے لال کھروار نے مزید لکھا ’’میرے بھائی کی جگہ زمین مافیہ اور غنڈے کی بیوی کو بلاک پرمکھ کے عہدے پر بیٹھا دیا گیا۔ میرے بھائی کا قصور محض اتنا ہےکہ اس نے دلت ہوتے ہوئے بھی جنرل سیٹ سے جیت درج کی تھی۔ ‘‘
دلت ایم پی نے وزیراعظم کو لکھا ہے کہ ’’میں نے اپنی عزت بچانے کے لئے تین بار صوبائی صدر سے ملاقات کی اور دو بار تنظیمی سکریٹری سے بھی ملا۔ اس کے علاوہ میں علاقائی صدر، ضلع صدر اور انچارج سے بھی ملا ، لیکن کوئی مدد نہیں ملی۔ ڈی ایم ، ایس ایس پی نے بھی میری نہیں سنی۔ ‘‘
چھوٹے لال کے مطابق تھک ہار کر وہ وزیراعلی کے پاس پہنچا لیکن وہاں سے انہیں بے عزت کر کے بھگا دیا گیا، ان پر حملہ کیا جارہا ہے اور ان کی ذات کی شناخت کے الفاظ استعمال کئے جا رہے ہیں۔
رکن پالیمنٹ چھوٹے لال کھروار نے وزیر اعظم مودی سے گہار لگائی ہے کہ دلت اور آدیواسیوں کی عزت کی حفاظت کریں اور زمین پرسے مافیہ کا قبضہ ہٹوانے کا مطالبہ کیا ہے۔ علاوہ ازیں انہوں نے حملہ کرنے والے سجیت کمار کے اسلحے ریوالور اور رائفل کے لائسنس کو منسوخ کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔