ساحل سے 120 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ٹکرایا سمندری طوفان 'دانا'، اوڈیشہ اور بنگال میں تیز ہوائیں اور بارش
سمندری طوفان 'دانا' اوڈیشہ کے ساحل سے 120 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ٹکرایا۔ طوفان کے باعث اوڈیشہ اور بنگال کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور بارش کا سلسلہ جاری ہے
سمندری طوفان 'دانا' اوڈیشہ کے ساحلی علاقوں سے ٹکرا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، دھامرا اور بھترکنیکا کے نزدیک طوفان کا لینڈ فال جاری ہے اور ہوا کی رفتار 120 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ چکی ہے۔
اس طوفان کے نتیجے میں اوڈیشہ اور مغربی بنگال کے کئی علاقوں میں تیز ہواؤں اور بارشوں کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ کچھ علاقوں میں تیز ہواؤں کی وجہ سے درخت گرنے کی خبریں سامنے آئی ہیں۔ اس صورتحال کے پیش نظر اوڈیشہ اور بنگال میں قومی آفات سے نمٹنے والی ٹیموں (این ڈی آر ایف) کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔
بھونیشور اور کولکاتا کے ہوائی اڈوں کو بھی بند کر دیا گیا ہے، جو صبح 9 بجے تک بند رہیں گے۔ متاثرہ علاقوں سے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے، اور کیندرپاڑا ضلع میں رہائش گاہوں کا انتظام کیا گیا ہے۔
اوڈیشہ کے دھامرا میں طوفان کی شدت کی وجہ سے سمندر میں تلاطم، تیز ہواؤں اور بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ وزیراعلیٰ موہن چرن ماجھی نے اطلاع دی کہ اب تک 5.84 لاکھ افراد کو محفوظ پناہ گاہوں تک منتقل کیا جا چکا ہے۔
محکمہ موسمیات کی ڈائریکٹر، منورما موہنتی کے مطابق، طوفان اس وقت دھامرا سے تقریباً 15 کلومیٹر شمال میں اور بھترکنیکا سے 30 کلومیٹر شمال مغرب میں موجود ہے۔ طوفان کی شدت ابھی تک برقرار ہے اور اس کی رفتار 100 سے 110 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔
آخری اطلاع موصول ہونے تک لینڈ فال کا عمل جاری تھا، جو اگلے 1-2 گھنٹوں تک جاری رہنے کی توقع ہے۔ طوفان شمالی اوڈیشہ کے شمال مغربی حصے کی طرف بڑھ رہا ہے اور محکمہ موسمیات کے مطابق یہ آہستہ آہستہ کمزور ہو کر گردابی طوفان میں بدل جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔