کمزور پڑ رہا سمندری طوفان بِپرجوئے لیکن اثرات باقی، کئی علاقوں میں تیز ہواؤں اور بارش کے پیش نظر ریڈ الرٹ
محکمہ موسمیات کے حکام کے مطابق راجستھان کے کچھ حصوں میں پیر تک بارش جاری رہے گی۔ محکمہ نے جالور اور باڑمیر کے لیے ’ریڈ‘ الرٹ جاری کیا ہے
نئی دہلی: سمندری طوفان بپرجوئے چلا گیا ہے لیکن اس کے اثرات ابھی تک کچھ ریاستوں میں نظر آ رہے ہیں۔ گجرات میں بھاری تباہی کے بعد سمندری طوفان راجستھان میں داخل ہو گیا ہے۔ تاہم اس سے پہلے راجستھان کے کئی علاقوں میں تیز ہوائیں اور بارش دیکھی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کمزور ہوتے طوفان کا اثر ابھی باقی ہے۔ راجستھان کے کئی علاقوں میں آج بارش ہونے اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
سمندری طوفان بپرجوئے 16 جون کی رات 11:30 بجے جنوب مغربی راجستھان سے ملحقہ جنوب مشرقی پاکستان اور دھولاویرا سے تقریباً 100 کلومیٹر شمال مشرق میں کمزور ہو کر گہرے دباؤ میں تبدیل ہو گیا۔ اگلے 12 گھنٹوں کے دوران یعنی آج (17 جون) دوپہر 12 بجے تک یہ مزید کمزور ہو کر ڈپریشن میں بدل جائے گا۔ سمندری طوفان بپرجوئے کے زیر اثر راجستھان کے کچھ علاقوں میں جمعہ کو شدید بارش ہوئی۔
خیال رہے کہ بحیرہ عرب میں 10 دن سے زیادہ کا چکر لگانے کے بعد طوفان بپرجوئے نے جمعرات کو گجرات کے جاکھاؤ بندرگاہ کے قریب لینڈ فال کیا اور مغربی ساحلی ریاست کے کچھ اور سوراشٹرا علاقوں میں تباہی کے نشانات چھوڑ دیا۔ اس کے بعد جیسے ہی یہ طوفان جمعے کو گہرے دباؤ کے طور پر راجستھان میں منتقل ہوا، جالور، سروہی، باڑمیر، جودھ پور، جیسلمیر اور اس سے ملحقہ علاقوں میں بارش شروع ہوئی اور کچھ علاقوں میں ہوا کی رفتار 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی۔
محکمہ موسمیات کے حکام کے مطابق راجستھان کے کچھ حصوں میں پیر تک بارش جاری رہے گی۔ محکمہ نے جالور اور باڑمیر کے لیے ’ریڈ‘ الرٹ جاری کیا ہے اور یہاں 200 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہو سکتی ہے۔ جودھ پور، پالی اور سروہی میں بھی بہت زیادہ بارش کا امکان ہے جبکہ جیسلمیر، راجسمند، ادے پور اور ڈونگر پور اضلاع میں موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔
وہیں، اتوار کے لیے بارمیر، جالور، پالی اور سروہی اضلاع کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے، جبکہ جودھ پور، ناگور، اجمیر، راجسمند، بھیلواڑہ اور ادے پور اضلاع اور جیسلمیر، بیکانیر، جے پور، چتور گڑھ میں بہت زیادہ بارش ہوسکتی ہے۔ ، پرتاپ گڑھ، ڈنگر پور، بانسواڑہ، بنڈی اور ٹونک اضلاع میں بھی موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
ایس ڈی آر ایف کے کمانڈنٹ راج کمار گپتا کے مطابق 30 ریسکیو ٹیموں کو ان اضلاع میں تعینات کیا گیا ہے جہاں الرٹ ہے۔ اس کے ساتھ ہی، 22 ریسکیو ٹیمیں ضلعی ہیڈ کوارٹر میں ریزرو رکھی گئی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔