گردابی طوفان ’بپرجوئے‘ نے گجرات میں مچائی تباہی، کئی درخت اُکھڑے، طوفانی بارش شروع، ممبئی بھی اثر انداز
جہاں طوفان کا خطرہ سب سے زیادہ ہے وہاں فوج اور این ڈی آر ایف کے جوان تعینات ہیں، کئی علاقوں میں سمندر کا پانی گھس گیا ہے، گجرات کے کئی اضلاع میں اب آرینج الرٹ کو ریڈ الرٹ میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔
گردابی طوفان ’بپرجوئے‘ نے گجرات میں دستک دے دی ہے۔ سمندر میں تیز لہریں اٹھ رہی ہیں اور طوفانی بارش بھی شروع ہو چکی ہے۔ تیز ہواؤں کی وجہ سے کئی اضلاع میں بڑی تعداد میں درخت جڑ سے اکھڑ گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بپرجوئے طوفان جکھاؤ ساحل پر 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پہنچا۔ اس طوفان کی آمد کو دیکھتے ہوئے پہلے ہی سبھی خطرناک علاقوں سے ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا تھا۔ این ڈی آر ایف کی ٹیمیں پوری طرح الرٹ پر ہیں۔
بپرجوئے طوفان دھیرے دھیرے خطرناک شکل اختیار کرتا جا رہا ہے۔ ان حالات کو دیکھتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ایک میٹنگ بلائی ہے۔ یہ میٹنگ وزارت داخلہ میں چل رہی ہے جس میں وزارت داخلہ کے افسران، گجرات کے وزیر اعلیٰ بھوپندر پٹیل، گجرات کے وزیر داخلہ ہرش سنگھوی سے امت شاہ ضروری جانکاریاں لے رہے ہیں۔ این ڈی آر ایف کے ڈی جی اور دیگر دفاعی ٹیموں کے سربراہان بھی میٹنگ میں موجود ہیں۔ امت شاہ پورے حالات پر لگاتار نظر بنائے ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ بپرجوئے طوفان کی آمد سے ٹھیک پہلے ہی اس کے آثار نے لوگوں میں خوف پیدا کر دیا۔ دوارکا کے تقریباً 38 گاؤں میں کھڑے درخت لہراتے ہوئے گر گئے۔ جیسے ہی بپرجوئے نے گجرات میں دستک دی، کَچھ علاقہ میں بجلی کاٹ دی گئی۔ کَچھ میں تیز آندھی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ سوراشٹر کا حال بھی کچھ ایسا ہی ہے۔ یہاں سمندر کنارے دکانوں کے شیڈ اڑ گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کی بپرجوئے کی رفتار 15 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔ ساحلی علاقوں میں ہوا کی رفتار 60 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔ آئی ایم ڈی کا کہنا ہے کہ یہ 115 سے 125 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار کے ساتھ ساحل کو پار کرے گا۔ کہیں کہیں طوفان کی رفتار 140 کلومیٹر فی گھنٹہ تک بھی پہنچ سکتی ہے۔
تازہ خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ گجرات کے کئی اضلاع میں 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے زیادہ کی ہوائیں چل رہی ہیں۔ کئی کچے مکانات منہدم ہو گئے ہیں۔ جہاں طوفان کا خطرہ سب سے زیادہ ہے، وہاں چپے چپے پر فوج اور این ڈی آر ایف کے جوان تعینات ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ کئی علاقوں میں سمندر کا پانی گھس گیا ہے۔ گجرات کے کئی اضلاع میں اب آرینج الرٹ کو ریڈ الرٹ میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔
گجرات کے دوارکا سے موصول خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ تیز آندھی کی وجہ سے موبائل ٹاور گر گیا ہے۔ ناگیشور مندر کے باہر کھڑا قدیم درخت بھی گر گیا ہے۔ یہاں طوفان سے پہلے ہی حالات بہت خراب دکھائی دینے لگے تھے۔ دوارکا سے 10 کلومیٹر دور برڈیا گاؤں میں تیز ہوا کی وجہ سے بجلی کے کئی کھمبے گر گئے ہیں۔ اوکھا اور مانڈوی میں بھی حالات پریشان کن ہیں اور تیز ہوا کے ساتھ بارش ہو رہی ہے۔ مانڈوی ساحل کو پوری طرح سے خالی کرا دیا گیا ہے۔
گردابی طوفان کے پیش نظر کَچھ کے 120 گاؤں کو پوری طرح سے خالی کرا دیا گیا تھا۔ مجموعی طور پر تقریباً 74 ہزار لوگوں گجرات کے ساحلی علاقوں سے محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا ہے۔ این ڈی آر ایف کی ٹیمیں حساس علاقوں کی شناخت کر وہاں رہنے والے لوگوں کو طوفان سے متعلق آگاہ کر رہی ہے۔ افسران کا کہنا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو لوگوں کے لیے ایئر لفٹنگ کا بھی انتظام کیا جائے گا۔
اس درمیان بپرجوئے گردابی طوفان کا اثر مہاراشٹر کی راجدھانی ممبئی پر بھی صاف دکھائی دے رہا ہے۔ ممبئی واقع مرین ڈرائیو پر تو صبح تقریباً 10.30 بجے ہی ہائی ٹائیڈ کا الرٹ جاری کر دیا گیا تھا، اور اس وقت ممبئی کے ساحل پر تیز لہریں اٹھ رہی ہیں۔ ہوائیں بھی تیز چل رہی ہیں اور جوہو ساحل سمیت کسی بھی ساحل پر لوگوں کو جانے سے منع کیا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔