آسام: دو مذہبی گروہ کے درمیان پتھر بازی، ماحول کشیدہ، کئی علاقوں میں کرفیو نافذ

پولس افسر کے مطابق سلچر میں ہفتہ کے روز کسی تنازعہ پر دو گروپ نبرد آزما ہو گئے تھے جس کے بعد اتوار کو بھی تنازعہ پیدا ہوا تھا۔ آج ایک بار پھر ہنگامہ پیدا ہوا جس کے پیش نظر کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

جنوبی آسام کے سلچر میں پیر کے روز 2 مذہبی گروپوں کے درمیان پتھراؤ کا واقعہ پیش آیا جس کے بعد شہر کے کچھ علاقوں میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں سلچر ضلع انتظامیہ کے ایک افسر نے کہا کہ کچھار ضلع مجسٹریٹ کیرتی جلّی نے ماحول خراب ہونے کے اندیشہ کو دیکھتے ہوئے سلچر شہر کے مالوگرام پولس چوکی کے تحت واقع علاقوں میں کرفیو نافذ کر دیا ہے۔ ایسا اس لیے کیا گیا ہے تاکہ لوگوں کی آمد و رفت پر فوری اثر سے روک لگائی جا سکے۔

ضلع انتظامیہ کی جانب سے جاری ایک سرکاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ دونوں گروپ نے اتوار کی شام کو سلچر شہر کے گونیوالا علاقہ کے کچھ مقامات پر ایک دوسرے پر پتھراؤ کیا تھا جس کے بعد آسام پولس، سی آر پی ایف اور دیگر سیکورٹی اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کو حالات کو قابو میں کیا۔


ضلع انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہاں کشیدگی کو دیکھتے ہوئے ماحول خراب ہونے کا پورا امکان ہے۔ اس لیے ضلع انتظامیہ نے مالوگرام پولس چوکی کے تحت آنے والے علاقوں میں کرفیو لگا دیا ہے۔ فوری اثر سے نافذ ہونے والا یہ حکم اگلے نوٹس تک نافذ رہے گا۔ حالانکہ ڈیوٹی کے دوران مجسٹریٹ، پولس، فوج اور نیم فوجی دستوں، ڈاکٹروں اور پیرامیڈکس سمیت صحت افسران کو کرفیو میں باہر نکلنے کی چھوٹ دی گئی ہے۔

ایک پولس افسر کا کہنا ہے کہ سلچر شہر میں دونوں گروپ کسی تنازعہ پر ہفتہ کے روز ہی نبرد آزما ہوئے تھے، جس کے بعد اس معاملے نے اتوار کے روز مزید طول پکڑ لیا تھا۔ بعد ازاں پیر کے روز ایک بار پھر کشیدگی کی حالت پیدا ہونے پر انتظامیہ نے فوری کرفیو نافذ کرتے ہوئے کثیر تعداد میں پولس فورس تعینات کر دیا ہے۔ افسر کا یہ بھی کہنا ہے کہ پورے واقعہ کی جانچ کی جا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 03 Aug 2020, 8:58 PM