سری نگر میں سی آر پی ایف اہلکار نے کی خود کشی

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پانتھ چوک میں پیر کی صبح سی آر پی ایف کی 29 ویں بٹالین سے وابستہ ایک اہلکار نے اپنی سروس رائفل سے اپنے آپ کو ہی نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں اس کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوئی۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

یو این آئی

سری نگر: سری نگر کے پانتھ چوک علاقے میں پیر کی صبح سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) سے وابستہ ایک اہلکار نے میبنہ طور پر اپنی ہی سروس رائفل سے اپنی زندگی تمام کرلی ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پانتھ چوک میں پیر کی صبح سی آر پی ایف کی 29 ویں بٹالین سے وابستہ ایک اہلکار نے اپنی سروس رائفل سے اپنے آپ کو ہی نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں اس کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوئی۔ انہوں نے مہلوک اہلکار کی شناخت بسوا جیت دتا کے بطور کی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مہلوک اہلکار کو خون میں لت پت دیکھ کر نزدیکی اسپتال تو پہنچایا گیا لیکن وہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا دریں اثنا ایک پولیس افسر نے بتایا کہ مہلوک اہلکار کی طرف سے یہ انتہائی قدم اٹھانے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکی ہیں تاہم اس ضمن میں ایک کیس درج کر کے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔


قابل ذکر ہے کہ سیکورٹی اداروں کی جانب سے یوگا اور آرٹ آف لیونگ کی سرگرمیاں متعارف کرانے کے باوجود بھی جموں وکشمیر میں تعینات سیکورٹی فورس اہلکاروں میں خودکشی کے رجحان میں کوئی کمی نہیں آ رہی ہے۔ مرکزی وزیر مملکت برائے دفاع شریپد نائیک نے گزشتہ برس دسمبر میں لوک سبھا میں فوجی جوانوں کی طرف سے خودکشیاں کرنے کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سال 2010 سے سال 2019 کے دوران 1113 فوجی اہلکاروں نے خودکشی کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔