ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں تخفیف پر حزب اختلاف کی تنقید، ’انتخابات کے پیش نظر فیصلہ لیا گیا!‘

حزب اختلاف نے کہا کہ گزشتہ 9 سالوں سے عوام پر مہنگائی کی مار پڑ رہی ہے اور اب جب 10 سال بعد پھر سے انتخابات ہونے جا رہے ہیں تو سلنڈر کی قیمتوں میں تخفیف کے نام پر عوام کو گمراہ کیا جا رہا ہے

ایل پی جی سلینڈر / آئی اے این ایس
ایل پی جی سلینڈر / آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ (8 مارچ) کو اعلان کیا کہ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں 100 روپے کی تخفیف کی جا رہی ہے۔ حزب اختلاف نے اس فیصلے کے وقت پر سوال اٹھائے ہیں اور کہا ہے کہ ایسا انتخابات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایک پر لکھا، ’’آج خواتین کے دن کے موقع پر ہماری حکومت نے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 100 روپے کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے ملک بھر کے لاکھوں خاندانوں پر مالی بوجھ میں نمایاں کمی آئے گی، خاص طور پر ہماری خواتین کی طاقت کو فائدہ ہوگا۔‘‘


جیسے ہی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا گیا حزب اختلاف نے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 9 سالوں سے عوام پر مہنگائی کی مار پڑ رہی ہے اور اب جب 10 سال بعد پھر سے انتخابات ہونے جا رہے ہیں تو سلنڈر کی قیمتوں میں تخفیف کے نام پر عوام کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔

نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد دھڑے) کی رکن پارلیمنٹ سپریا سولے نے سلنڈر کی قیمتوں میں کمی کو ایک اور جملہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا، ’’میں اس سے بالکل بھی حیران نہیں ہوں۔ آپ ذرا اس کی ٹائمنگ دیکھیں۔ یہ (مرکزی حکومت) لوگ پچھلے 9 سالوں سے اقتدار میں ہیں۔ انہوں نے اس بارے میں پہلے کیوں نہیں سوچا؟ جیسے ہی انتخابات قریب آئے، میرا مطلب ہے کہ انتخابات کی تاریخوں کا اعلان شاید اگلے 5 یا 6 دنوں میں کر دیا جائے گا، تب ہی ایسا کیا گیا۔‘‘

این سی پی ایم پی نے کہا، ’’یہ ایک اور جملہ ہے۔ اگر حکومت واقعی مالی بوجھ کم کرنا چاہتی تھی تو قیمتیں آدھی کر دی جانی چاہیے تھیں۔ ہماری حکومت میں سلنڈر کی قیمت 430 روپے تھی۔ آخر انہوں نے قیمتوں کو اسی سطح پر کیوں نہیں پہنچا دیا؟‘‘


خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی سے بات کرتے ہوئے ’سماج وادی پارٹی مہیلا سبھا‘ کی قومی صدر جوہی سنگھ نے بھی سلنڈر کی قیمتوں میں کی گئی کمی پر سوال اٹھایا۔ انہوں نے کہا، ’’مہادیو (دیوتا) دیکھ رہے ہیں کہ کس طرح لوگوں کو دھوکہ دیا جا رہا ہے (بی جے پی حکومت کی جانب سے)۔ سلنڈر کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔ میرے خیال میں پی ایم مودی کو نہ صرف گاؤں کے 'سپانسرڈ حصے' کا دورہ کرنا چاہیے بلکہ حقیقت میں جا کر یہ دیکھنا چاہیے کہ 'اجولا یوجنا' کس طرح ایک دھوکہ ہے!‘‘

انہوں نے کہا، 'خواتین آبادی کا ایک بڑا حصہ ہیں اور ہمارے معاشرے میں ان کی بھی کافی اہمیت ہے۔ اس لیے جب تک آپ انہیں معاشی طور پر مضبوط نہیں کریں گے، معاشرہ ترقی نہیں کرے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔