کالابازاری سے پیدا ہونے والا بحران کسانوں کی جان لے رہا ہے: پرینکا گاندھی
کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا کہ بی جے پی حکومت کے مایوس کن اور غیر ذمہ دارانہ رویہ کے سبب کھاد کی بلیک مارکٹنگ عروج پر ہے اور اس سے پیدا ہوا بحران قرض میں ڈوبے کسانوں کی جان لے رہا ہے
للت پور: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا کہ بی جے پی حکومت کے مایوس کن اور غیر ذمہ دارانہ رویہ کے سبب کھاد کی بلیک مارکٹنگ عروج پر ہے اور اس سے پیدا ہوا بحران قرض میں ڈوبے کسانوں کی جان لے رہا ہے۔
کھاد کی وجہ سے جان گنوانے والے کسانوں کے رشتہ داروں سے ملاقات کے لئے للت پور پہنچی پرینکا نے نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہاکہ حکومت کو کسانوں کی تکلیف سے کوئی مطلب نہیں ہے۔ لکھیم پور سے للت پر تک کسان پریشان ہیں۔ حکومت کی پالیسیوں کے سبب کسان قرض میں ڈوبا ہوا ہے۔ کھاد کے لئے لائن میں کھڑے کسان جان گنوا رہے ہیں۔
کھاد کی بلیک مارکٹنگ عروج پر ہے۔ ایک ایک بوری کے لئے کسانوں کو دو دو دنوں تک لائن میں کھڑا ہونا پڑ رہا ہے۔ ایک بوری دو ہزار روپے کی مل رہی ہے جس میں پچاس کلو کی جگہ صرف 45کلو کھاد دی جارہی ہے۔ یہ بلیک مارکٹنگ نہیں تو اور کیا ہے۔ کھاد کی بلیک مارکٹنگ میں حکام اور لیڈروں کے کردار کی جانچ ہونی چاہئے۔
انہوں نے کہاکہ صرف للت پور میں اب تک دو کسانوں کی لائن میں لگے لگے موت ہوچکی ہے وہیں قرض کے جال میں پھنسے دو کسان خودکشی کرچکے ہیں۔ کسانوں کا درد ہے کہ اس باربارش ٹھیک ہوئی تھے لیکن کھاد کی کمی ان کی فصل چوپٹ کررہی ہے۔ اب سود خوروں کا پیسہ کہاں سے ادا کریں گے۔
کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا کہ بندیل کھنڈ میں انا مویشیوں کا مسئلہ سنگین ہے۔ کسانوں کو اپنی فصل بچانے کے لئے رات کو جاگنا پڑتا ہے۔ ملک کے کسان مہینوں سے سڑک پر ہیں مگر ان کی آواز کو یا تو دبایا جاتا ہے اور یا پھر ٹائروں سے کچلا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لکھیم پور میں وزیر کے بیٹے نے کسانوں کو ٹائر سے کچل کر قتل کردیا مگر بی جے پی حکومت نے اپنے وزیر کو نہیں ہٹایا۔وزیر کے رہتے کیا معاملے کی منصفانہ جانچ ہوسکے گی اور کیا مرنے والے کے گھر والوں کو انصاف مل سکے گا۔ کانگریس کسانوں کے حق کی لڑائی جاری رکھے گی۔ ان کی حکومت اقتدار میں آتی ہے تو سیاہ قوانین کی واپسی کے علاوہ کسانوں کا پورا قرض معاف کیا جائے گا اور ان کی پیداوار کی مناسب قیمت دی جائے گی۔
اس سے پہلے انہوں نے متاثرہ کسان کنبوں سے ملاقات کرکے انکی تکلیف کو شیئر کیا اور تمام کسانوں کنبوں کاقرض ادا کرنے کا وعدہ کیا۔ پارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ کسان بھوگی پال اور مہیش کمار بنکر کھاد کی لائن میں لگے تھے۔ کئی دنوں تک لائن میں لگے رہنے کی وجہ سے ان کی حالت خراب ہوگئی اور ان کی موت ہوگئی۔کسان سونی اہرواراور ببلو پال کھاد نہ ملنے کی وجہ سیج پریشان تھے۔ انہوں نے خودکشی کرلی۔
پرینکا گاندھی جمعرات کی رات لکھنو سے ٹرین کے ذریعہ چل کر آج صبح للت پور پہنچی تھیں جہاں کانگریس کے کارکنوں نے ان کا شاندار استقبال کیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔