’گجرات میں خواتین کے ساتھ جرائم بڑھ رہے اور وزیر اعظم خاموش‘، کانگریس کا پی ایم مودی پر حملہ

گجرات کانگریس کے صدر شکتی سنگھ گوہل نے ریاست میں ایک اسکول پرنسپل کے ذریعہ چھ سالہ طالبہ کی عصمت دری اور قتل معاملہ کو راکشسوں والا عمل قرار دیا، ساتھ ہی انھوں نے پی ایم مودی کو ہدف تنقید بنایا۔

شکتی سنگھ گوہل، تصویر آئی اے این ایس
شکتی سنگھ گوہل، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

کانگریس نے گجرات کے داہود واقع ایک سرکاری اسکول کے پرنسپل کی گھناؤنی حرکت پر اپنا سخت رد عمل ظاہر کیا۔ دراصل اسکول پرنسپل نے مبینہ طور پر 6 سالہ طالبہ کی عصمت دری کے بعد قتل کر دیا، جس پر کانگریس نے بی جے پی حکومت کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ ساتھ ہی پی ایم مودی کی خاموشی پر بھی سوال اٹھایا ہے۔ کانگریس لیڈر شکتی سنگھ گوہل نے ملزم پرنسپل کو بی جے پی-آر ایس ایس کا پرچارک بتایا اور کہا کہ اس کی ظالمانہ حرکت ناقابل فراموش ہے۔

گجرات کانگریس صدر شکتی سنگھ گوہل نے نئی دہلی واقع کانگریس ہیڈکوارٹر میں آج پریس کانفرنس کے دوران گجرات میں پیش آئے مذکورہ واقعہ پر اپنی بات میڈیا کے سامنے رکھی۔ انھوں نے کہا کہ گجرات میں خواتین اور لڑکیوں کے خلاف جرائم کے واقعات لگاتار بڑھ رہے ہیں، لیکن حکومت یا خود نریندر مودی ایک لفظ نہیں بول رہے۔ دو دن قبل گجرات کے داہود میں ایک سرکاری اسکول کا پرنسپل 6 سال کی طالبہ کا کار کے اندر عصمت دری کرتا ہے۔ جب بچی چیخنے لگتی ہے تو اس کا گلا گھونٹ کر مار دیتا ہے۔ راکشسوں والا یہ عمل کرنے کا ملزم خود کو سماج کا مصلح بتاتا ہے۔ یہ پرنسپل بی جے پی-آر ایس ایس کے نظریات کا پرچارک ہے اور انتخابات میں بی جے پی کے لیے انتخابی تشہیر کرتا ہے۔


شکتی سنگھ گوہل نے خواتین پر ہو رہے مظالم میں بی جے پی لیڈران کی شمولیت کی کئی مثالیں پریس کانفرنس کے دوران پیش کیں۔ انھوں نے بتایا کہ مہسانہ میں بھی تنتر منتر کے نام پر ایک آدمی نابالغ کو پھنساتا ہے اور عصمت دری کرتا ہے۔ نابالغ سے عصمت دری کے معاملے میں بی جے پی  یوتھ مورچہ کا جنرل سکریٹری گورو ملزم پایا گیا، جو اب جیل میں ہے۔ اسی طرح وڈودرا میں بی جے پی کا ایک لیڈر آکاش بھگوان بھائی ایک شادی شدہ خاتون کے گھر میں گھس کر اس کی عصمت لوٹتا ہے اور پھر جان سے مارنے کی دھمکی دیتا ہے۔ گوہل نے یہ بھی کہا کہ گجرات میں بدمعاش افراد بی جے پی کے رکن بن جاتے ہیں، اور پھر اس کے بعد مانو انھیں جرم کرنے کا لائسنس مل جاتا ہے۔

گوہل نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ گجرات کے ایک اخبار نے خواتین سے جرائم کرنے والوں کے بی جے پی کنکشن کی خبریں شائع کی ہیں۔ اس سے صاف ہے کہ گجرات میں نظامِ قانون تباہ ہو چکا ہے۔ گجرات مین اتنا سب کچھ ہو رہا ہے، لیکن نریندر مودی خاموش ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔