مودی کے پارلیمانی حلقہ وارانسی میں جرائم کا بازار گرم، 2 ماہ میں 7 افراد کا قتل

اتر پردیش میں جرائم تھمنے کا نام نہیں لے رہے ہیں کہیں بڑے لوگ عصمت دری کے الزام میں گرفتار ہو رہے ہیں تو کہیں دن دہاڑے گولیاں چل رہی ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

تازہ خبر کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی کے پارلیمانی حلقہ وارانسی میں جرائم کا بازار گرم ہے اور پولس کے لاکھ دعووں کے با وجود جرائم رکنے کا نام نہیں لے رہا۔ وارانسی میں گزشتہ دو ماہ میں جرائم پیشہ افراد نے سات لوگوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔ آج بھی یعنی پیر کی صبح وارانسی میں پھر گولیوں کی گونج سنائی دی۔ خبروں کے مطابق صدر تحصیل میں فارچونر میں سوار ببلو نامی شخص کو گولی مارکر قتل کر دیا۔


واضح رہے پلسر موٹر سائیکل پر آئے بدمعاشوں نے اندھا دھند فائرنگ کی اور پی ڈبلو ڈی کے ٹھیکیدار نتیش عرف ببلو کو موقع پر ہی موت کے گھاٹ اتار دیا۔ ہندوستان ڈاٹ کام ویب سائٹ کے مطابق بدمعاشوں نے ببلو کے جسم میں چھ گولیاں اتار دیں۔ واضح رہے ببلو کے پاس بھی پسٹل تھی لیکن بدمعاشوں نے انہیں پسٹل نکالنے اور استعمال کرنے کا موقع ہی نہیں دیا۔ ضلع ہیڈکواٹر سے ملحق تحصیل کے احاطہ میں ہوئے اس سنسنی خیز واقعہ سے پورے علاقہ میں سنسنی پھیل گئی، خبر ملتے ہی مقامی پولس افسران موقع واردات پر پہنچ گئے۔

واضح رہے وارانسی میں گزشتہ دو ماہ میں سات لوگوں کا قتل ہو چکا ہے۔ سارناتھ میں پائپ کے تاجر کا گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ لالپور میں دیویانگ کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ سارناتھ میں ہی بزرگ دوکاندار کو چار گولیاں مار کر موت کی نیند سلا دیا گیا۔ شہر کے بیچ میں واقع کالی محال علاقہ میں پجاری اور اس کی اہلیہ کو گولی مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔ تحصیل کے احاطہ میں ہی ایک بس مالک کا بھی قتل ہوا تھا اور اب یہ ببلو کا ساتواں قتل ہے۔ یہ ساری وارداتیں گزشتہ دو ماہ کی ہیں جن میں سات لوگوں کی جان جا چکی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 30 Sep 2019, 3:10 PM