کئی شہروں میں سماجی کارکنان اور صحافیوں کے ٹھکانوں پر چھاپے

منگل کی صبح ملک کے کئی شہروں میں پونے پولس نے سماجی کارکنان، مصنفین اور وکلاء کے ٹھکانوں پر چھاپہ ماری کی، ذرائع کے مطابق یہ چھاپے ماری بھیما کورے گاؤں معاملہ میں کی جا رہی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

مہارشٹر کی پونے پولس نے مخالفین کی آواز دبانے کے لئے منگل کی صبح ملک کے کئی شہروں میں مصنفین، مفکرین، سماجی کارکنان اور وکلا کے گھروں اور دفاتروں میں چھاپے مارے ہیں۔

ذرائع کے مطابق یہ چھاپے ماری بھیمار کورے گاؤں معاملہ میں کی جا رہی ہے۔ جن لوگوں کے خلاف چھاپے ماری کی گئی ہے ان میں حیدرآباد میں رہ رہے انقلابی مصنف اور ماؤ نواز مفکر ورور راؤ، ممبئی کے سماجی کارکن ورنان گونجالوس، رون پریرا، چھتیس گڑھ میں سدھا بھاردواج اور صحافی اور سماجی کارکن گوتم نولکھا شامل ہیں۔

انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق پولس افسران کا کہنا ہے کہ اس سال جون میں گرفتار کئے گئے 5 افراد سے پوچھ تاچھ میں جن لوگوں کے نام سامنے آئے ان کے خلاف چھاپے ماری کی جا رہی ہے۔ پولس کا دعویٰ ہے کہ 31 دسمبر 2017 کو ایلگر پریشد میں ان لوگوں کی تقاریر کے بعد تشدد کی آگ بھڑکی تھی۔ یہ تقریب بھیما کورے گاؤں لڑائی کی 200 ویں جینتی کے موقع پر منعقد کی گئی تھی۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق ایک سینئر پولس افسر نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ انسانی حقوق کے کارکن اور صحافی گوتم نولکھا کے دہلی واقع رہائش، مصنف اور مفکر ورورا راؤ کی حیدرآباد واقع رہائش، سماجی کارکن ورنن گونجالوس اور ارون پریرا کی ممبئی واقع رہائش اور شہری حقوق کی وکیل سدھا بھاردواج کے دہلی واقع رہائش پر چھاپہ ماری کی گئی ہے۔

پونے پولس نے جون میں ایلگر پریشد منعقد کرنے والے سدھیر دھوالے سمیت 5 افراد کو گرفتار کیا تھا۔ دھوالے ممبئی واقع ’ریپبلکن پنتھرز جاتی انتیاچی چالوال‘ کے رہنما ہیں۔ دھوالے کے علاوہ جن افراد کی گرفتاری کی گئی تھی ان میں کمیٹی فار ریلیز آف پالیٹیکل پریزنرس سے وابستہ سماجی کارکن رونا ولسن، انڈین ایسوسی ایشن آپ پیپلز لائرس سے وابستہ ناگوپور کے وکیل سریندر گاڈلنگ، ناگپور یونیورسٹی کے پروفیسر شوما سینا اور مہیش راؤت شامل ہیں۔ پولس نے ان لوگوں پر غیر قانونی سرگرمی انسداد قانون کے تحت معاملہ درج کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 28 Aug 2018, 1:24 PM