سی پی ایم کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری کا انتقال، جسد خاکی تحقیق کے لیے ایمس کے حوالے

ہندوستانی مارکسی کمیونسٹ پارٹی کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری کا 72 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا۔ وہ دہلی کے ایمس میں زیر علاج تھے اور انہیں آئی سی یو میں داخل کیا گیا تھا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: مارکسی کمیونسٹ پارٹی سی پی آئی (ایم) یا سی پی ایم کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری کا جمعرات کو انتقال ہو گیا۔ انہوں نے 72 سال کی عمر میں آخری سانس لی۔ سیتارام یچوری کو دہلی کے ایمس کے آئی سی یو میں داخل کرایا گیا تھا۔ سی پی آئی (ایم) نے منگل کو ایک بیان میں کہا تھا کہ 72 سالہ یچوری کا ایمس کے آئی سی یو میں زیر علاج ہیں، وہ سانس کی نالی کے شدید انفیکشن میں مبتلا تھے۔ انہیں 19 اگست کو ایمس کے آئی سی یو میں داخل کرایا گیا تھا۔ سیتارام یچوری کے اہل خانہ نے ان کے جسد خاکی (باڈی) کو تحقیق کے مقصد سے ایمس کے حوالے کر دیا ہے۔ یعنی عطیہ کردہ اس باڈی کو سائنسی تحقیق میں استعمال کیا جائے گا۔

سی پی ایم کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری کا انتقال، جسد خاکی تحقیق کے لیے ایمس کے حوالے

خیال رہے کہ سیتارام یچوری 12 اگست 1952 کو مدراس (چنئی) میں تلگو بولنے والے برہمن گھرانے میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کے والد سرویشور سومیاجولا یچوری آندھرا پردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن میں انجینئر تھے۔ ان کی والدہ کلپکم یچوری ایک سرکاری افسر تھیں۔


یچوری نے پریذیڈنٹ اسٹیٹ اسکول، نئی دہلی میں تعلیم حاصل کی اور سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن ہائر سیکنڈری امتحان میں آل انڈیا فرسٹ رینک حاصل کیا۔ اس کے بعد انہوں نے سینٹ سٹیفن کالج دہلی سے اکنامکس میں بی اے (آنرز) کی تعلیم حاصل کی اور پھر جواہر لال نہرو یونیورسٹی سے ایم اے اکنامکس کیا۔

یچوری اور ان کے ہم عصر پرکاش کرات کو عام طور پر بائیں بازو کی تحریک اور سی پی ایم کو مضبوط کرنے کا سہرا دیا جاتا ہے۔ ان دونوں نے جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں طالب علم کے طور پر سی پی ایم کے سابق جنرل سکریٹری ہرکشن سنگھ سرجیت کے ساتھ مل کر کام کیا۔ خیال کیا جاتا ہے کہ یچوری نے 1996 میں پی چدمبرم کے ساتھ مل کر ’یونائیٹڈ فرنٹ حکومت‘ کے لیے مشترکہ پروگرام کا مسودہ تیار کیا تھا۔


یچوری نے 2004 میں متحدہ ترقی پسند اتحاد (یو پی اے) کی حکومت بنانے میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا اور وہ انڈیا بلاک کے معماروں میں سے ایک تھے، جسے گزشتہ سال اپوزیشن گروپ نے 2024 لوک سبھا کے عام انتخابات میں بی جے پی سے مقابلہ کرنے کے لیے تشکیل دیا تھا۔ یچوری آر ایس ایس-بی جے پی اور ان کی فرقہ وارانہ سیاست کے ہمیشہ مخالف رہے اور انہوں نے وقف ترمیمی بل اور بیوروکریسی میں لیٹرل انٹری شروع کرنے کے اقدام پر مرکزی حکومت پر سخت حملہ کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔