پرسار بھارتی نے مانک سرکار کا خطاب کیوں نشر نہیں کیا ؟
نئی دہلی : تریپورا کے وزیر اعلی مانک سرکار نے ایسی کون سی حد پار کر دی کہ ان کے یوم آز ادی کے خطاب کو پرسار بھارتی نے نشر کرنے سے انکار کر دیا ۔ پرسار بھارتی کے اس رویہ کی سخت تنقید کرتے ہوئے سی پی ایم کے جنرل سیکریٹری سیتارام یچوری نے نریندر مودی اور ان کی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے ٹویٹ کیا ’’ یہ ایک غیر اعلانیہ ایمرجنسی ہے ، دوردرشن بی جے پی اور آ ر ایس ایس کی نجی جائداد نہیں ہے ‘‘۔وزیر اعظم اپنے خطاب میں سابقہ حکومتوں کو کچھ بھی کہیں اور ایسا تاثر دینے کی کوشش کریں کہ گزشتہ حکومتوں کے دور اقتدار میں کوئی کام ہی نہیں ہوا اس پر کسی کو اعتراض نہیں ہے ۔لیکن اگر تریپورا کے وزیر اعلی مانک سرکار اپنے خطاب میں سیکولرزم کے خطرے میں ہونے کی بات کریں ، اقلیتوں اور دلتوں کے مسائل پر بات کریں تو پرسار بھارتی ان کی تقریر نشر کرنے سے انکار کردیتا ہے ۔
واضح رہے کہ پرسار بھارتی نے وزیر اعلی کا یوم آزادی کے لئے جو خطاب 12اگست کوریکارڈ کیا تھا اس کو نشر کرنے سے انکار کر دیا ۔اس سارے معاملے نے اس وقت طول پکڑ لیا جب وزیر اعلی مانک سرکار نے اپنے خطاب میں سے ایک بھی لفظ کو ہٹانے یا بدلنے سے انکار کر دیا۔ اب جہاں سیتا رام یچوری نے پرسار بھارتی کے رویہ پر سخت تنقید کی ہے وہیں پارٹی کی سینئر رہنما برندا کرات نے پرسار بھارتی کے رویہ پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’ یہ حق پرسار بھارتی کو کس نے دیا کہ وہ وزیر اعلی کے خطا ب پر سوال اٹھائے یا اس کو سینسر کرے‘‘ ۔ اس معاملے میں سی پی ایم کی جانب سے نریندر مودی کے ان خطبات کا ذکر کیا جا رہا ہے جو انہوں نے گجرات کے وزیر اعلی کی حیثیت سے یوم آزادی کے موقع پر کئے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 16 Aug 2017, 2:34 PM