فسطائی طاقتیں ملک کو ہندو ملک میں تبدیل کرنے میں مصروف: راجہ

سی پی آئی کا کہنا ہے کہ بی جے پی اور سنگھ کنبہ فسطائی طاقتیں ہیں اور وہ قوم اور قوم پرستی کو ہندو ملک میں تبدیل کرنے میں مصروف ہیں اس لئے ان کے خلاف پارٹی کی جدوجہد جاری رہے گی

سوشل میڈیا 
سوشل میڈیا
user

یو این آئی

کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (پی پی آئی) کے جنرل سکریٹری ڈی راجہ نے کہا کہ لوک سبھاانتخابات میں خواہ ان کی پارٹی کو کامیابی نہیں ملی لیکن فرقہ پرست اور فسطائی طاقتوں کے خلاف ان کی جدوجہد جاری رہے گی۔ڈاکٹر راجہ نے پارٹی کی قونی کونسل کی تین ورزہ میٹنگ کے بعد پارٹی کے جنرل سکریٹری کے طورپر نامہ نگاروں سے پہلی بار خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ملک ایک بحران سے گزر رہا ہے۔ لوک سبھا انتخابات میں بائیں بازوکی ترقی پسند طاقتوں کی خواہ شکست ہوئی ہو لیکن ملک میں ابھی بھی لوگوں کو اس پر اعتماد ہے اور عوامی تحریکات میں اس پارٹی کا اثر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو صرف انتخابی فتح ملی ہے، سماجی اور نظریاتی لڑائی میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور سنگھ کنبہ فسطائی طاقتیں ہیں اور وہ قوم اور قوم پرستی کو ہندو ملک میں تبدیل کرنے میں مصروف ہیں اس لئے ان کے خلاف پارٹی کی جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ بائیں بازو تحریک کو متحد کرنے کے لئے بائیں بازو کی جماعتوں کو آگے آنا ہوگا۔

ڈاکٹر راجہ نے کہا کہ بائیں بازو کے لوگ ملک میں کوئی چھوٹی طاقت نہیں ہیں۔ ہم ایک سیاسی اور نظریاتی طاقت ہیں اور ہمارا سیاسی اثر کافی ہے۔ ہماری پارٹی جمہوری اور آئینی حقوق کی حفاظت کے لئے لڑائی لڑتی رہے گی۔ ا سکے علاوہ سماجی انصاف کے لئے بھی جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی کی تنظیم کو مضبوط کرنے کی سمت میں کام کریں گے اور ملک کے مفاد میں ان کی پارٹی کام کرتی رہے گی۔


ڈاکٹر راجہ نے کہا کہ وہ تمام بائیں بازو کی جماعتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ بائیں بازو کی تحریک کو متحد کرنے کے لئے تمام بائیں بازو کی طاقتیں ایک پلیٹ فارم پر آئیں اور فسطائی، فرقہ پرست اور کارپوریٹ طاقتوں کے خلاف متحد ہوکر لڑیں۔اس سے پہلے پارٹی کے سبکدوش ہونے والے جنرل سکریٹری سدھاکر ریڈی نے کہاکہ انکی پارٹی کے سامنے بڑے چیلنج ہیں اور انکی پارٹی ریلوے کے پرائیویٹائزیشن کی مخالفت کرے گی اور موب لنچنگ کے خلاف قانون بنانے کی پرزور مانگ کرے گی۔ اس کے علاوہ سماج میں جو زہر پھیلایا جارہا ہے اس کے خلا ف بھی پارٹی جدوجہد کرے گی اور نئی تعلیمی پالیسی کے خلاف اساتذہ اور طلبا کی تحریک کی حمایت کرتی رہے گی۔

پارٹی کے سینئر لیڈر اتل کمار انجن نے اعلان کیا کہ اترپردیش کے سون بھدر میں دس قبائلیوں کے فائرنگ میں مارے جانے کے واقعہ کے خلاف 25جولائی سے ضلعی سطح پر دھرنا و مظاہرہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ اب تک وزیراعلی اور وزیراعظم اس معاملہ پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قومی کونسل کی میٹنگ میں اس واقعہ کی سخت مذمت کی گئی.

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔