اقتصادی مندی سے لوگ پریشان اور مودی حکومت منا رہی 100 دن کا جشن: سی پی آئی

سی پی آئی کی قومی کونسل نے پیر کے روز یہاں جاری ایک بیان میں کہاکہ گزشتہ ایک مہینہ سے جموں و کشمیر میں بحران کی صورتحال ہے اور ایسے میں مودی حکومت کے ذریعہ 100 دنوں کا جشن منانا حیرت انگیز ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: مرکز کی مودی حکومت کے ذریعہ اپنے 100 دنوں پر جشن منائے جانے پر کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی) نے تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ سی پی آئی کا کہنا ہے کہ جب ملک میں اقتصادی مندی سے لو گ بے حال ہیں تو حکومت اپنے 100دنوں کی کامیابیاں بیان کرنے میں مصروف ہے، اور اس کے لئے وہ جگہ جگہ تقریبات کررہی ہے۔

پارٹی کی قومی کونسل نے پیر کے روز یہاں جاری ایک بیان میں کہاکہ گزشتہ ایک مہینہ سے جموں و کشمیر میں بحران کی صورتحال ہے اور لوگوں کے جمہوری حقوق چھین لئے گئے ہیں۔ آسام میں 20 لاکھ لوگوں کو قومی شہری رجسٹر سے ہٹا دیا گیا، جس سے ان کی شہریت پر غیریقینی کی صورتحال ہے۔ ملک بھی معاشی بحران میں مبتلا ہے۔ ایسے میں مودی حکومت کے ذریعہ 100 دنوں کا جشن منانا حیران کرنے والا ہے۔


سی پی آئی نے اپنے بیان میں مغربی بنگال اور دیگر ریاستوں میں لوگوں کو بی جے پی کارکنوں اور وزرا کی طرف سے دھمکی دیے جانے کی بھی مخالفت کی۔ انھوں نے کہا کہ اس طرح سے خوف کا ماحول بنایا جانا جمہوریت کے لیے صحیح نہیں ہے۔ علاوہ ازیں بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ حکومت ایسے زرعی بحران سے گزر رہی ہے جس کی ماضی میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔ بے روزگاری اپنے عروج پر ہے لیکن اس مسئلہ کو مودی حکومت حل نہیں کرپارہی ہے۔عدم رواداری بھی بڑھ رہی ہے اور سنگھ پریوار تباہ کن پالیسیاں اختیار کررہا ہے۔ ایسے ماحول میں حکومت کے ذریعہ اپنی کامیابیاں بیان کرنا حیرت میں ڈالتا ہے۔

سی پی آئی نے مزید کہاکہ حکومت کو چاہئے کہ وہ صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر عوام کے مسائل کو حل کرے اور ملک کے اتحاد و یکجہتی کے لئے کام کرے، نیزملک کی معیشت کو پٹری پر لانے کا کام کرے۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔