کمبھ میں کوورنا: 20 سادھو-سنت اور 100 سے زیادہ عقیدتمند متاثر، انتظامیہ کے ہاتھ پیر پھولے
ہریدوار کمبھ کے دوران کورونا نے خوفناک صورتحال پیدا کر دی ہے، میلے میں موجود کئی ہندو تنظیموں نے کورونا ٹیسٹ کرانے سے انکار کر دیا ہے، جس کی وجہ سے حالات مزید خراب ہونے کا اندیشہ ہے
ہریدوار: اتراکھنڈ میں جاری کمبھ کے میلے میں لاکھوں کی بھیڑ میں کورونا کا پھیلاؤ ہو گیا ہے۔ اے بی پی نیوز کے مطابق یہاں 102 ہندو عقیدت مند اور 20 سادھو کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں۔ میلے میں موجود کئی ہندو تنظیموں نے کورونا ٹیسٹ کرانے سے انکار کر دیا ہے، جس کی وجہ سے حالات مزید خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہریدوار میں جاری کمبھ کے میلے میں لاکھوں کی تعداد میں لوگ جمع ہیں اور یہاں کورونا پروٹوکول پر بالکل بھی عمل نہیں کیا جا رہا ہے۔ نہ تو کسی کے پاس ماسک نظر آتا ہے اور نہ ہی سماجی فاصلہ کے اصول پر عمل ہو رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اکھل بھارتیہ اکھاڑا پریشد کا کہنا ہے کہ پیر کے روز ہونے والے شاہی اسنان میں ایک لاکھ سادھوں نے شرکت کی تھی۔ ہریدوار کے چیف میڈیکل آفیسر (سی ایم او) ڈاکٹر ایس کے جھا نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے جاری کورونا سے متعلق رہنما ہدایات کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔
سی ایم او نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جونا اکھاڑا کے پانچ، نرنجنی اکھاڑا کے 2 اور ناتھ و اگنی کے ایک ایک سادھو متاثر پائے گئے ہں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چار دنوں میں اکھل بھارتیہ اکھاڑا پریشد کے صدر اور نرنجنی اکھاڑا کے سربراہ نریندر گری سمیت 18 سادھو کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں۔ سی ایم او نے کہا کہ نریندر گری کی طبیعت بگڑنے کے بعد انہیں ایمس ہریدوار منتقل کیا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 14 Apr 2021, 9:40 AM