عدالت نے اتراکھنڈ حکومت اور کابینہ وزیر ستپال مہاراج کو بھیجا وجہ بتاؤ نوٹس
رہنما ہدایات کی خلاف ورزی معاملے میں اتراکھنڈ کے کابینہ وزیر ستپال مہاراج مشکل میں پھنستے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ ہائی کورٹ نے ریاستی حکومت کے ساتھ ساتھ ستپال مہاراج سے بھی جواب طلب کیا ہے۔
نینی تال: عالمی وبا کورونا وائرس کے مدنظر ہوم کوارنٹائن کے دوران جاری گائیڈ لائنس یعنی رہنما ہدایات کی مبینہ طورپر خلاف ورزی معاملہ میں اتراکھنڈ کے کابینہ وزیر ستپال مہاراج کی پریشانیاں بڑھتی جارہی ہیں۔ ستپال مہاراج کے خلاف کارروائی سے متعلق ایک معاملہ ہائی کورٹ پہنچا ہے جس پر عدالت نے ریاستی حکومت اور کابینہ وزیر کو نوٹس جاری کرکے تین ہفتہ میں جواب پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔
چیف جسٹس رمیش رنگناتھن کی قیادت والی بنچ نے ریاستی حکومت اور کابینی وزیر کو نوٹس جاری کر کے اس معاملہ پر تین ہفتہ میں جواب پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ دراصل دہرہ دون کے باشندہ امیش کمار کی طرف سے ایک مفاد عامہ کی عرضی کے ذریعہ وزیر سیاحت ستپال مہاراج کے معاملے کو چیلنج کیا گیا ہے۔ عرضی گزاروں کی طرف سے کہا گیا ہے کہ سابق کابینہ وزیر امرتا راوت کی رپورٹ کورونا پازیٹیو آنے کے بعد محکمہ صحت کی طرف سے ستپال مہاراج کو ہوم کوارنٹائن رہنے کا مشورہ دیا گیا تھا۔
محکمہ صحت کی طرف سے ان کے گھر پر ایک نوٹس چسپاں کرکے 20 مئی سے 3 جو ن تک ہوم کوارنٹائن میں رہنے کے لئے کہا گیا تھا لیکن ستپال مہاراج نے کوارنٹائن کے ضابطوں کونظرانداز کرکے 21 اور 29 مئی کو کابینہ کی دو اہم میٹنگوں میں حصہ لیا جس سے کورونا وائرس کا خطرہ بڑھ گیا۔عرضی گزار کی طرف سے عدالت کو بتایا گیا کہ حکومت رہنما ہدایات کی خلاف ورزی پر عام لوگوں کے خلاف کارروائی سے باز نہیں آرہی ہے لیکن ایسے معاملات میں آئینی عہدوں پر بیٹھے لوگوں کے خلاف کارروائی نہیں کررہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔