گیان واپی کیس:عدالت نے مسلم فریق پر جرمانہ عائد کیا

سماعت کے دوران مسلم فریق کے وکیل ابھے ناتھ یادو کے انتقال کی وجہ سے عدالت سے قت طلب کیا تھا۔

فائل تصویر آئی اے این ایس
فائل تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

گیان واپی معاملے کی سماعت کررہے ڈسٹرکٹ جج نے انجمن انتظامیہ مساجد کمیٹی کو کیس کی تیاری کے لئے عدالت کی جانب سے دئیے گئے مہلت کے بعد مزید دس دن کا وقت طلب کرنے پر جمعرات کو اپنی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے جرمانہ عائد کیا اور کمیٹی کو آخری موقع دیا ہے۔ اب معاملے کی اگلی سماعت 22اگست کو ہوگی۔

گیان واپی۔ سرنگار گوری معاملے کی جمعرات کو وارانسی ضلع عدالت میں سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران مسلم فریق کے وکیل ابھے ناتھ یادو کا گذشتہ دنوں انتقال کی وجہ سے 4اگست کو عدالت سے نیا وکالت نامہ جمع کرانے کے لئے15 دن کا وقت طلب کیا تھا۔


آج انجمن انتظامیہ مساجدکمیٹی نے دو وکیلوں کا وکالت نامہ عدالت کے سامنے پیش کیا۔ جس میں وکیل کے طور پر شمیم احمد اور یوگیندر پرساد سنگھ عرف بابو کو اس مقدمے میں شامل کیا گیا ہے۔مسجد انتظامیہ کمیٹی کی جانب سے آج عدالت کی کاروائی شروع ہونے سے پہلے ہی حقائق کو سمجھنے اور ڈاکیومنٹیشن کے لئے مزید 10دنوں کا وقت طلب کیا گیا۔

مسلم فریق نے عدالت کے سامنے اپنی دلیل رکھی کہ انجمن انتظامیہ مساجد کی جانب سے وکیل ابھے ناتھ یادو نے عدالت میں جرح کی تھی۔اس کے بعد دوسرے فریق کے وکیلوں نے اپنے دلائل پیش کئے۔اب توقع تھی کہ دفاعی وکیل اس کا جواب دیں گے اور ایڈوکیٹ ابھے ناتھ یادو اس کے لئے تیار تھے لیکن اچانک ان کا انتقال ہوگیا۔


مسلم فریق نے مزید کہا کہ ابھے ناتھ کے اچانک انتقال کی وجہ سے نئے وکیل یوگیند پرسادسنگھ اور شمیم احمد کا وکالت نامہ داخل کیا گیا ہے لیکن وہ فورا بحث کے لئے تیار نہیں ہیں۔ لہذا عدالت سے استدعا ہے کہ وہ آج سماعت کو ملتوی کردے اور آگے کی بحث کے لئے مزید 10دنوں کا موقع فراہم کرے۔

اضافی وقت طلب کئے جانے پر عدالت نے اپنی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس پورے معاملے کی نگرانی سپریم کورٹ خود کررہا ہے۔ اس لئے اس میں اتنا زیادہ تاخیر کرنا مناسب نہیں ہے۔عدالت نے انجمن انتظامیہ مساجد کمیٹی پر 500 روپئے کا جرمانہ عائد کیا اور سماعت کی اگلی تاریخ 22اگست طے کردی۔
ہندو فریق کے وکیل مدن موہن یادو نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ جج اجئے کمار وشویش نے یہ کہتے ہوئے اپنی برہمی کا اظہار کیا ہے کہ معاملہ سپریم کورٹ کی نگرانی میں ہے اور اسے 8ہفتوں میں فائنل کرنا ہے۔عدالت نے انجمن انتظامیہ مساجد کمیٹی کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ آخری موقع فراہم کررہی ہے اور کیس کو طول دینے کے پاداش میں 500روپئے کا جرمانہ عائد کیا ہے۔


قابل ذکر ہے کہ مسلم فریق کی جانب سے اس عرضی سے متعلق دستاویزات کے مطالعہ کے لئے وقت طلب کئے جانے پر عدالت نے 4اگست کو سماعت کی اگلی تاریخ 18اگست طے کی تھی۔اور آج سماعت کے وقت مسلم فریق نے مزید 10دنوں کا وقت طلب کرلیا جس پر عدالت برہم ہوگئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔