آج اور کل بینکوں کی ہڑتال، بینکوں کے کام کاج پر پڑے گا اثر
پبلک سیکٹر بینک سمیت گرامین بینکو میں لگاتار دو دن کام نہیں ہوگا کیونکہ بینکوں کی یونین نے نجکاری کے خلاف دو دن کے لئے ہڑتال کا اعلان کیا ہے ۔
ملک کے دو بینکوں کی نجکاری کی پیش کش کے خلاف یونائٹڈ فورم آف بینک یونین کے تحت 9 یونین نے آج اور کل یعنی 15 اور 16 مارچ کو ہڑتال کا اعلان کیا ہوا ہے جس کی وجہ سے صارفین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
واضح رہے یونین کے رہنماؤں کے مطابق اس ہڑتال میں تقریبا دس لاکھ ملازمین شرکت کریں گے۔ اسٹیٹ بینک آف انڈیا اور کینرا بینک سمیت کئی سرکاری بینکوں نے اپنے صارفین کو ہڑتال کی وجہ سے بینک کے کام کاج پر اثر پڑنے کی اطلاع دے دی ہے۔ بینکوں نے ویسے اپنے صارفین کو یہ بتایا ہے کہ انہوں نے ہڑتال کے دوران خدمات فراہم کرنے کے لئے ضروری اقدام اٹھائے ہوئے ہیں۔
واضح رہے بجٹ خطاب میں وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے کہا تھا کہ حکومت اس سال دو سرکاری بینکو ں اور ایک بیمہ کمپنی کی نجکاری کرے گی۔ حکومت نے اس سے پہلے سال 2019 میں لائف انشورینس کمپنی یعنی ایل آئی سی کی حصہ داری آئی ڈی بی آئی بینک کو بیچی تھی۔ابھی ملک میں 12 سرکاری بینک ہیں اور اگر دو بینکوں کی نجکاری ہو گئی تو صرف دس سرکاری بینک رہ جائیں گے۔ گزشتہ چار سالوں میں 14 بینکوں کا انضمام ہو چکا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔