یوم آزادی: کیپٹن امریندر نے ریاست کی 21 مشہور شخصیتوں کو اسٹیٹ ایوارڈ سے نوازا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

15 Aug 2019, 8:09 PM

کیپٹن امریندر نے ریاست کی 21 مشہور شخصیتوں کو اسٹیٹ ایوارڈ سے نوازا

جالندھر: 73ویں یوم آزادی کے موقع پر پنجاب کے وزیراعلی کیپٹن امریندر سنگھ نے 9پولیس حکام کو ان کی مخصوص خدمات کے لئے وزیراعلی پولیس ایوارڈ سے نوازنے کے علاوہ مختلف شعبوں میں بہترین خدمات کے لئے 21معروف ہستیوں کو اسٹیٹ ایوارڈ دیئے۔

ان انعامات سماجی کارکن، فن کار، ادیب، شاعر، ترقی پذیر کسان، ماہرین ماحولیات اور سرکاری افسران کے علاوہ کینسر ماہرین شامل تھے، جنہوں نے عوامی مفاد میں اپنے اپنے شعبوں میں قابل ستائش خدمات انجام دی ہیں۔

وزیراعلی نے موگا ضلع کے ڈونکے گاوں کے ڈاکٹر کلونت سنگھ دھالیوال، پٹیالہ کے لیفٹننٹ کرنل (ریٹائرڈ) بشن داس، منڈے احمدگڑھ دے و اٹس کلب کے صدر راکیش کمار گرگر، کانپور گاوں سے امن دیپ سنگھ کو پٹھانکوٹ میں سرٹی فکیٹ اور نقد انعام سے نوازا۔ منسا کے ترسیم چند سونی، جالندھر سے پنڈت منو سین، راوپڑ ضلع کے گاوں سندھوا کے جندر سنگھ، پٹیالہ کے ہرش کمار ہرش، راجپورا سے ابھیشیک کمار چوہان، پنجابی یونیورسٹی، پٹیالہ سے کمپیوٹر ماہر ڈاکٹر وشال گوئل، پنجابی مصنف گرمیت سنگھ سنگھل، ڈاکٹر دیوندر سنگھ سندھو لدھیانہ کے ایک کینسر سپر اسپیشلسٹ، جالندھر کے راجیش کمار بھگت، کھڈور صاحب کے بابا سیوا سنگھ جی، پٹھانکوٹ کے سمیر شاردا، نواب شہرسے للت موہن پاٹھک، امرتسر سے گنبیر سنگھ اور پٹیالہ سے ویٹرنری انسپکٹر امن دیپ سنگھ شامل ہیں۔

وزیراعلی نے 9پولیس حکام /ملازمین کو انکی شاندار خدمات کے بدلہ وزیراعلی پولیس میڈل کے ساتھ اعزاز سے نوازا۔

15 Aug 2019, 6:10 PM

روسی صدر پوتن نے ہندوستان کو یوم آزادی کی مبارکباد دی

ماسکو: روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے جمعرات کو 73 یوم آزادی کے موقع پر صدر رامناتھ کوووند اور وزیراعظم نریندر مودی کو مبارکباد دی۔ صدر کے دفتر’کریملن‘ کے مطابق مسٹر پوتن نے معیشت اور سائنس کے شعبہ میں بہتریں ن کامیابی خوشحال ثقافت اور دنیا میں حاصل احترام کیلئے ہندوستان کی تعریف کی۔

روسی صدر پوتن نے کہا کہ ہندوستان اور روس کے مابین اسٹریٹجک شراکت داری روز افزوں مضبوط ہورہی ہے۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ علاقائی اور بین الاقوامی مسائل کا حل نکالنے کی سمت میں دونوں ملک مل کر کام کریں گے تاکہ دنیا میں امن اور استحکام کا ماحول قائم رہے۔

15 Aug 2019, 5:09 PM

بہار: پرچم کشائی کے بعد گھر لوٹ رہے ٹیچر کو گولی مار کر قتل

کھگڑیا: بہار کے کھگڑیا ضلع میں الولی تھانہ علاقہ کے چکنی گاﺅں میں آج پرچم کشائی کے بعد گھر لوٹ رہے ٹیچر کو بدمعاشوں نے گولی مار کر قتل کر دیا۔ پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ چکنی گاﺅں کے باشندہ شیام سندر مکھیا (45) 73 ویں یوم آزادی کے موقع پر پنچایت کے اسکول میں پرچم کشائی کرنے کے بعد گھر لوٹ رہے تھے اسی دوران بدمعاشوں نے انہیں گھیر لیا اور ان پر گولیاں برسانی شروع کر دی۔ اس واقعہ میں ٹیچر کی جائے واقع پر ہی موت ہوگئی۔ ذرائع نے بتایاکہ واقعہ سے مشتعل لوگوں نے الولی۔میگھونا شاہراہ کو جام کر دیا۔ بعد میں موقع پر پہنچی پولس اور انتظامیہ کے افسران کے سمجھانے سے جام ختم کرایا جا سکا۔ پولس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے کھگڑیا صدر اسپتال بھیج دیا ہے۔


15 Aug 2019, 3:07 PM

مغربی بنگال: ہند-بنگلہ دیش سرحد پر دونوں ممالک کے فورسز کے درمیان مٹھائی تقسیم

ہندوستان اور بنگلہ دیش کی سرحد پر بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) اور بارڈر گارڈس بنگلہ دیش (بی جے بی) نے آپس میں مٹھائی تقسیم کی۔ یہ عمل آج 15 اگست کے موقع پر مغربی بنگال کے کوچ بہار سرحد پر دیکھنے کو ملا۔

15 Aug 2019, 2:08 PM

انڈونیشیا: جکارتہ واقع ہندوستانی سفارتخانہ میں بھی منایا گیا جشنِ آزادی


15 Aug 2019, 12:58 PM

حیدر آباد: اسدالدین اویسی نے مدینہ چوک پر لہرایا ہندوستانی پرچم

آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین کے قومی صدر اسدالدین اویسی نے ہندوستان کی آزادی کے 72 سال مکمل ہونے پر 15 اگست کے دن حیدر آباد واقع مدینہ چوک پر ہندوستانی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر مدینہ چوک پر لوگوں کی کافی بھیڑ جمع ہوئی اور 73ویں یوم آزادی کا جشن سبھی نے مل کر منایا۔

15 Aug 2019, 12:10 PM

کانگریس صدر سونیا گاندھی نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں لہرایا قومی پرچم

کانگریس کی کارگزار صدر سونیا گاندھی نے آج یومِ آزادی کے موقع پر پارٹی ہیڈ کوارٹر میں قومی پرچم لہرا کر جشن منایا۔ اس موقع پر سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ اور کانگریس کے سابق صدر و رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی سمیت کانگریس کے کئی سینئر لیڈران اور سابق وزرا بھی موجود تھے۔


15 Aug 2019, 11:10 AM

جموں و کشمیر: گورنر ستیہ پال ملک نے شیر کشمیر اسٹیڈیم میں پرچم کشائی کی

جموں و کشمیر سے دفعہ 370 ہٹائے جانے کے بعد یوم آزادی کے موقع پر سری نگر کے شیر کشمیر اسٹیڈیم میں گورنر ستیہ پال ملک نے ترنگا پرچم لہرایا۔ اس موقع پر ریاست کے لوگوں کو خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ ”مرکزی حکومت نے جو تبدیلیاں کی ہیں وہ نہ صرف تاریخی ہیں بلکہ جموں و کشمیر اور لداخ کے لوگوں کی ترقی کے لے ایک نیا دروازہ کھولتی ہیں۔“ ستیہ پال ملک نے مزید کہا کہ ”میں جموں و کشمیر کے لوگوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ان کی پہچان خطرے میں نہیں ہے، اس میں چھیڑ چھاڑ نہیں کی گئی ہے۔ ہندوستان کا آئین مختلف علاقائی پہچان کو پھلنے پھولنے کی اجازت دیتا ہے۔“

15 Aug 2019, 10:10 AM

سری نگر: شیر کشمیر اسٹیڈیم میں یومِ آزادی تقریب کا آغاز کچھ ہی دیر میں

سری نگر کے شیر کشمیر اسٹیڈیم میں بہت جلد یومِ آزاد کی تقریب شروع ہونے والی ہے۔ اس موقع پر کئی طرح کی تیاریاں کی گئی ہیں اور سیکورٹی ے بھی سخت انتظامات ہیں۔


15 Aug 2019, 9:00 AM

مودی کا بڑا اعلان، ملک میں ہوگا چیف آف ڈفینس اسٹاف

وزیر اعظم نے لال قلع سے اپنے خطاب میںاعلان کیا کہ ملک میں پہلی مرتبہ چیف آف ڈفینس اسٹاف ہوگا یعنی تینوں فوجی سربراہوں کا ایک چیف ہوگا۔

15 Aug 2019, 8:33 AM

ملک کی آزادی ہماری بہادری کی کامیابی کا نتیجہ، پرینکا گاندھی

کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے ٹویٹ کر کے کہا ہے کہ ’’آج ہمارا ملک آزاد ہوا تھا۔ آج ہماری بہادری کی جیت ہوئی۔ ہم نے جیت کی کسوٹی پر مستقبل دیکھا اور ایک شخص ایک ووٹ کی بنیاد ڈالی ۔


15 Aug 2019, 8:15 AM

باپو نے کہا تھا کہ سچ بولنے اور عدم تشدد پر عمل کرنے سے ہی ملے گی مکمل آزادی،راہل

کانگریس صدر نے ملک کے عوام کو یوم آزادی کی 73 ویں سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے مہاتما گاندھی کا ایک اہم بیان ٹویٹ کیا ۔ انہوں اپنے ٹویٹ میں لکھا ’’مکمل آزادی جب ہی مکمل ہوگی جب ہم عدم تشدد اور سچ بولنے پر عمل کرنے کی عادت ڈالیں گے :مہاتما گاندھی،تمام لوگوں کو یوم آزادی کی 73 سالگرہ کی مبارکباد‘‘۔

15 Aug 2019, 7:57 AM

ملک آزادی کی 73 ویں سالگرہ پورے جو ش و خروش سے منا رہا ہے

پورے ملک میں یوم آزادی کی 73 ویں سالگرہ پورے جوش و خروش سے منائی جا رہی ہے۔ وزیر اعظم نے لال قلع سے اپنے خطاب میں اپنی حکومت کے ذریعہ گزشتہ دس ہفتوں میں لئے گئے فیصلوں کا تفصیل سے ذکر کیا جس میں طلاق ثلاثہ بل اور آرٹیکل 370 کو ہٹائے جانے کا خاص طور سے ذکر کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔