ناگالینڈ، میگھالیہ اور تریپورہ میں ووٹوں کی گنتی شروع، حفاظت کے سخت انتظامات
ناگالینڈ، میگھالیہ اور تریپورہ کے اسمبلی انتخابات کے نتائج آج جاری ہو رہے ہیں۔ تینوں ریاستوں میں ایک ہی مرحلے میں ووٹنگ ہوئی تھی
نئی دہلی: ناگالینڈ، میگھالیہ اور تریپورہ کے اسمبلی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی صبح 8 بجے سے شروع ہو گئی۔ دریں اثنا، گنتی کے مراکز پر حفاظت کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ تینوں ریاستوں میں ایک ایک مرحلے میں ووٹنگ ہوئی تھی۔ تریپورہ اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹنگ 16 فروری کو ہوئی تھی جبکہ میگھالیہ اور ناگالینڈ اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹنگ 27 فروری کو ہوئی تھی۔ تریپورہ میں جہاں تقریباً 88 فیصد پولنگ ہوئی، میگھالیہ میں 76 فیصد اور ناگالینڈ میں 84 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔
نتائج سے پہلے تینوں ریاستوں کے ایگزٹ پول بھی جاری کر دئے گئے۔ مختلف چینلوں کے ایگزٹ پول نے تریپورہ میں بی جے پی کی واپسی کی پیش گوئی کی ہے۔ ناگالینڈ میں بی جے پی-این ڈی پی پی اتحاد کی بڑی جیت کی پیشین گوئی کی گئی ہے۔ حالانکہ پیچ میگھالیہ میں پھنسا ہوا نظر دے رہا ہے کیونکہ بیشتر ایگزٹ پولس نے یہاں معلق اسمبلی کی پیش گوئی کی ہے۔
تینوں ریاستوں میں 60 ممبران اسمبلی ہیں، جس میں اکثریت کے لئے 31 سیٹیں ضروری ہیں۔ تریپورہ میں بی جے پی-آئی پی ایف ٹی نے مل کر مقابلہ کیا۔ جبکہ پہلی بار کانگریس اور سی پی آئی (ایم) نے بھی ایک ساتھ الیکشن لڑا۔ اس کے علاوہ ٹپرا موتھا بھی میدان میں ہے۔ کانگریس، بی جے پی، نیشنل پیپلز پارٹی، ترنمول کانگریس اور یونائیٹڈ ڈیموکریٹک پارٹی میگھالیہ میں اہم پارٹیاں ہیں۔ جبکہ ناگالینڈ میں بی جے پی-این ڈی پی پی اتحاد، این پی ایف اور کانگریس کے درمیان مقابلہ ہے۔
ناگالینڈ میں گزشتہ اسمبلی انتخابات یعنی 2018 کے انتخابات میں این پی ایف نے 26 سیٹیں جیتی تھیں۔ این ڈی پی پی نے 17 سیٹیں جیتی تھیں۔ بی جے پی نے 12 سیٹیں جیتی تھیں۔ باقی سیٹیں دوسروں نے جیت لی تھیں۔ کانگریس اپنا کھاتہ بھی نہیں کھول سکی۔ تریپورہ میں بی جے پی نے 2018 کے انتخابات میں پہلی بار کامیابی حاصل کی۔ بی جے پی نے 35 سیٹوں پر جیت کا جھنڈا لہرایا تھا۔ سی پی ایم کے کھاتے میں 16 سیٹیں آئیں۔ آئی پی ایف ٹی نے 8 سیٹیں جیتی تھیں۔ جبکہ تریپورہ میں بھی کانگریس کا کھاتہ نہیں کھل سکا۔
میگھالیہ میں 2018 کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس نے 21 سیٹیں جیتی تھیں۔ این پی ای پی نے 19 سیٹیں حاصل کی تھیں۔ یو ڈی پی کو 6 سیٹیں جبکہ پی ڈی ایف کو 4 اور بی جے پی کو 2 سیٹیں حاصل ہوئی تھیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔